بھارتی فضائیہ کا طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ ہلاک


نئی دہلی: بھارتی ریاست پنجاب کے شہر پٹیالہ میں بھارتی فضائیہ کا ایک طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں موجود پائلٹ ہلاک جبکہ دو کیڈٹس زخمی ہوگئے۔

بھارتی فضائیہ کے ترجمان کمانڈر جی ایس چیمہ کے مطابق تربیتی طیارے نے پٹیالہ ایوی ایشن کلب ایئرپورٹ سے 11 بج کر 30 منٹ پر اڑان بھری۔

انہوں نے بتایا کہ اڑان بھرتے ہی کچھ دیر بعد طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں موجود پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی فوج کا ایک اور طیارہ گرکر تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک

بھارتی فضائیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی جبکہ زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کچھ عرصے کے دوران کئی بھارتی طیارے حادثات کا شکار ہوچکے ہیں۔ اکتوبر میں ایک تربیتی طیارہ تیلنگانہ ریاست میں گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔

طیارے حیدرآباد کی ایوی ایشن اکیڈمی کے پائلٹس پراکاش ویشال اور امنپریت کور اڑا رہے تھے جو کہ زیرتربیت تھے۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق پرواز بھرنے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا جس کے کچھ دیر بعد مقامی پولیس نے حادثے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: 27 فروری کو ہم نے ہی اپنا ہیلی کاپٹر گرایا، بھارتی فضائیہ کا اعتراف

اگست کے آخر میں ریاست اتر پردیش میں نجی تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ بجلی کی تاروں میں پھنس گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے فوری بعد آگ نے طیارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

یکم فروری 2019 کو بھارتی طیارہ میراج فنی خرابی کے باعث زمین بوس ہوگیا جب کے کچھ روز بعد 12 فروری کو بھارت کا مگ 27 تکنیکی خرابی سے گر کر تباہ ہوا۔ 19 فروری کو دو بے ہاک طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوئے۔

پاکستان نے سرحدی خلاف ورزی پر 27 فروری کو بھارت کے جنگی طیارے مگ 21 اور ایس کیو 30 کو مار گرایا تھا۔


متعلقہ خبریں