’مصنوعی مہنگائی میں ملوث افراد کی نشاندہی، سزا دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا‘

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بنیادی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے افراد کی نشاندہی اور انہیں سزا دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قیمتوں پر قابو پانے پر توجہ دینے کے نتیجے میں چیزوں کی قیمتوں اور خاص طور پر سبزیوں کی قیمتوں میں نماٰٰیاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔


عمران خان نے مزید کہا کہ میں اپنے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ جب تک قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے ملوث افراد کی نشاندہی اور سزا نہیں دی جاتی ہے تب تک میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

گزشتہ روز ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگئی ہے جس کے سبب ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کم ہو کر 15.97 فیصد پر آگئی ہے۔

مزید پڑھیں: مہنگائی حکومت کیلئے خطرہ ہے، شیخ رشید

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ انہی دنوں میں یہ شرح 20 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ گزشتہ ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں جب کہ 9 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق انڈے 6 روپے سستے ہو کر فی درجن نرخ 96 پر آگئے، چکن 10 روپے سستا ہوکر فی کلو کی قیمت 163 روپے ہوگئی ہے۔

ٹماٹر 3 روپے کلو سستے ہوکر قیمت 43 روپے پر آگئی جب کہ چینی، آلو، گڑ، لہسن، دال چنا، مسور اور آٹا بھی سستا ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامی اقدامات کو مزید موثر کرنے کا فیصلہ

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ایل پی جی، دال ماش اور مونگ کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ہوئی ہے۔ پیاز کی قیمت ساڑھے دس روپے بڑھ نے کے بعد 66 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

چاول، گھی، سرسوں کا تیل، دہی اور  گوشت کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے بریڈ سمیت 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکا م رہا۔

گزشتہ ماہ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 15 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں دالیں، گائے کا گوشت، چائے، چکن اور چینی بھی شامل تھیں۔

 


متعلقہ خبریں