کسی بھی کام میں بغیر محنت کے کامیابی نہیں ملتی، جہانگیر خان


کراچی: عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے ملک کے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی کام میں بغیر محنت کے کامیابی نہیں ملتی اور شارٹ کٹ استعمال کرنے والے زیادہ دیر کھڑے نہیں رہ سکتے۔

ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیا سے بات کرتے ہوئے سابق عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے کہا کہ پیدائشی فزیکلی مسائل کی وجہ سے والد صاحب نے کھیلنے سے منع کیا تھا لیکن گھر میں ہی کھیلتا تھا اور جب والد صاحب نے مجھے کھیلتے دیکھا تو انہوں نے کہا کہ تم میں ٹیلنٹ موجود ہے اس کے بعد میرے دو آپریشن ہوئے اور میں فزیکلی ٹھیک ہو گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 14 سال کی عمر میں اسکواش جونیئر کھیلنے گیا تھا۔ ائرمارشل نور خان نے مجھے ملک کے تمام کھلاڑیوں کو فٹنس کی تربیت دینے کی ہدایت کی تھی اور میں کرکٹ، ہاکی سمیت دیگر قومی کھلاڑیوں کو فٹنس تربیت دیا کرتا تھا۔

جہانگیر خان نے کہا کہ بہت سخت محنت اور ٹریننگ کی وجہ سے ایک لمبے عرصے تک عالمی چیمپئن رہا اور ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلتا تھا مجھے اپنے آپ پر اعتماد ہوتا تھا۔ 17 برس کی عمر میں ورلڈ اسکواش چیمپئن بن گیا تھا۔ بڑے بھائی کے اسکواش کورٹ میں انتقال کی وجہ سے میں بہت زیادہ ڈسٹرب ہو گیا تھا اور میں نے اسکواش کھیلنا چھوڑ دی تھی لیکن والد محترم اور دوستوں کے بے حد اصرار پر ایک بار پھر اسکواش کورٹ میں قدم رکھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا کے اسکواش کے ٹاپ ٹین میں 8 پاکستانی ہوا کرتے تھے اور پاکستان 30 سال تک برٹش اسکواش چیمپئن رہا لیکن بعد میں اسکواش پر توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے پاکستان اسکواش میں بہت پیچھے چلا گیا۔ آج کل ویڈیو گیمز اور موبائل کی وجہ سے بچوں کی توجہ کھیل کی جانب کم ہو گئی ہے۔

سابق عالمی اسکواش چیمپئن نے کہا کہ بچوں کو کسی بھی کام کے لیے محنت کرنے کی ضرورت ہے اور کبھی یہ نہ سمجھیں کہ آپ کسی سے کم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں اومان کے کھلاڑی یوسف عبدالرحیم البلوشی پر 7 سال کی پابندی عائد

سینئر ای وی پی ہم نیٹ ورک اطہر وقار عظیم نے کہا کہ میں نے جہانگیر خان کے پہلے میچ سے لے کر سارے میچ ہی کور کیے ہیں۔ جہانگیر کا اصل مقابلہ آسٹریلیا کے کھلاڑی سے ہوتا تھا۔ عمران خان اور جاوید میانداد بھی جہانگیر خان کے بہت بڑے فین تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جہانگیر خان کو فارغ وقت میں مختلف ٹی وی پروگرامز اور شوز میں بلا لیا کرتے تھے۔ کنگ آف برونائی جہانگیر خان کے بہت بڑے فین ہے تاہم ان کے چاہنے والے ہر جگہ موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پارلیمنٹ میں یوٹیلٹی اسٹور کھول دیا گیا

اطہر وقار عظیم نے کہا کہ جہانگیر خان بہت سادہ طبعیت کے انسان ہیں اور ان میں کبھی بھی کوئی منفی چیز نہیں دیکھی۔ جہانگیر خان بہت ٹھنڈے مزاج کے آدمی ہوا کرتے تھے انہیں کھیل کے دوران کبھی غصہ نہیں آتا تھا۔


متعلقہ خبریں