یونائیٹڈ نے پی ایس ایل تھری کا سہرا اپنے سر سجا لیا


کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل تھری) کے فائنل مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کوتین وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ چیمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

زلمی کی جانب سے دیا گیا 149 رنز کا ہدف یونائیٹڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 16.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔

دوسری اننگ کا آغاز کرنے لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان میدان میں آئے تو خطرناک اوپنر بلے باز رونکی نے میدان میں چاروں جانب شارٹس کھیل کر زلمی بالرز اور فیلڈرز کے چھکے چھڑا دیے۔

رونکی نے پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اوپنر بلے باز 52 رنز بنا کر کرس جارڈن کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔

انہوں نے زلمی اوپنر کامران اکمل سے ٹورنامنٹ کے دوران سب سے زیادہ رن اسکور کرنے کا اعزاز بھی چھین لیا۔ لیوک رونکی فائنل کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ کے بھی ٹاپ اسکورر بن گئے ہیں۔

ان کے بعد آنے والے بلے باز کریز پر نہ جم سکے۔ چیڈوک والٹن صرف دو گیندوں کے مہمان رہے۔ انہوں نے بغیر کوئی رن بنائے پویلین کی راہ ناپی۔

کرس جارڈن نے یونائیٹڈ کپتان جے پی ڈومینی کی وکٹ لے کر پشاور کی امیدوں کا دیا پھر سے روشن کر دیا۔

زلمی کو چوتھی کامیابی 112 رنز کے مجموعی اسکور پر صاحبزادہ فرحان کی صورت میں ملی۔ اوپنر بلے باز 44 رنز بنا کر وہاب ریاض کی ٹورنامنٹ کی 17ویں وکٹ بنے۔

13ویں میں دو مزید وکٹیں گرنے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دباؤ کا شکار دکھائی دی۔

سمیت پاٹیل دس رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ شاداب خان بھی دو بالز کھیل کر حسن علی کا شکار بنے۔

14ویں اوور کی چوتھی گیند پر میچ اس وقت مکمل طور پر زلمی ٹیم کے ہاتھ سے نکلا جب وکٹ کیپر کامران اکمل نے عمید آصف کی گیند پر آصف علی کا کیچ ڈراپ کر دیا۔

کامران اکمل کی غلطی میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔

15ویں اوور کے اختتام پر یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 22 رنز درکار تھے۔

آصف علی نے ملنے والے موقع کو ضائع نہ کیا اور اگلے ہی اوور میں حسن علی کی گیند کو باونڈری سے باہر کی راہ دکھا کر اسکور کا بوجھ گھٹا دیا۔

16ویں اوور کی دوسری تیسری اور چوتھی گیند پر ایک کے بعد ایک چھکا لگا کر آصف علی نے زلمی ٹیم کے ساتھ ساتھ فینز کے بھی چھکے چھڑا دیے۔

آصف علی نے صرف چھ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور برابر کر دیا۔

17ویں اوور کی پہلی گیند پر حسین طلعت سات رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بن گئے تایم ٹیم کو جیت کے لیے ایک ہی رن درکار تھا۔

فہیم اشرف وہاب ریاض کا سامنا کرنے میدان میں آئے تو پہلی تین گیندوں پر کوئی رن نہ بنا سکے۔ ٹورنامنٹ کے لیڈنگ وکٹ ٹیکر بالر نے 17اوور کی پانچویں گیند پر شاندار چھکا لگا کر یونائیٹڈ کو دوسری مرتبہ پی ایس ایل ٹرافی کا حقدار ٹھہرا دیا۔

زلمی کی اننگ 

کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں یونائیٹڈ بالرز نے ڈیرن سیمی کے ہتھیاروں کی ایک نہ چلنے دی اور دفاعی چیمئن کو 148 رنز تک محدود کر دیا۔

اہم مرحلے میں زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنا سکی۔

میچ کے آغاز میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

زلمی کی جانب سے ان فارم بلے باز کامران اکمل اور آندرے فلیچر میدان میں آئے تو کھیل کا محتاط انداز میں آغاز کیا۔

ابتدائی دو اوورز میں بڑا اسکور نہ بن سکا لیکن تیسرے اوور میں آندرے فلیچر نے سمیت پاٹیل کو دو لگاتار چوکے لگائے۔

کامران اکمل اسٹرائیکنگ سائیڈ پر گئے تو شائقین گزشتہ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز سے امیدیں لگائے اچھی کارکردگی کے منتطر تھے۔

کامران اکمل نے شائقین کی امیدوں پر اس وقت پانی پھیر دیا جب وہ 12 کے مجموعی اسکور پر سمت پاٹیل کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

اوپنر بلے باز  آوٹ کیا ہوئے زلمی کے سارے ہتھیار ایک ایک کر کے پویلین لوٹنے لگے۔ کوئی بھی بلے باز بڑی انفرادی اننگ نہ کھیل سکا۔

محمد حفیظ میدان میں آئے تو چھکا لگا کر زلمی کے مداحوں کو پھر سے پرجوش کر دیا، لیکن نائب کپتان 26 کے مجموعی اسکور پر چھ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے آٹھ رنز بنا کر سمیت پاٹیل کا دوسرا شکار بن گئے۔

انہیں سمیت پاٹیل نے اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔

آندرے فلیچر نے کرس جارڈن کے ساتھ مل کو کھیل کو آگے بڑھایا، لیکن 38 کے ٹوٹل پر آندرے فلیچر 21 رنز کی اننگ کھیل کر شاداب خان کی گھومتی گیند کا شکار بنے۔

لیام ڈاوسن میدان میں آئے تو کرس جارڈن کے ساتھ مل کر میچ کے ابتدا میں ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔

دونوں بلے بازوں کی 52 رنز کی پارٹنر شپ حسین طلعت نے 12 اوور کی تیسری گیند پر ختم کی۔ کرس جارڈن نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 36 بٹورے۔

جارڈن گیند کو باونڈری سے باہر کی راہ دکھانے کی کوشش میں ڈومینی کو کیچ دے بیٹھے۔

سعد نسیم میدان میں آئے تو دو رنز اپنے کھاتے میں لکھوا کر حسین طلعت ہی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

زلمی کے ہارڈ ہٹر کپتان ڈیرن سیمی میدان میں آئے تو بغیر کوئی بڑی شارٹ اپنے ریکارڈ میں لکھوائے شاداب خان کا شکار بن گئے۔

انہوں نے صرف چھ رنز کی اننگ کھیلی جس میں ایک چوکا شامل تھا۔

عمید آصف کو شاداب خان نے کھاتہ کھولے بغیر ڈریسنگ روم کی راہ دکھائی۔ عمید آصف، شاداب خان کا تیسرا شکار تھے۔

حسن علی چھ رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ انہیں فہیم اشرف نے میدان سے چلتا کیا۔

لیام ڈاؤسن نے اس دوران میدان سنبھالے رکھا۔ مڈل آرڈر بلے باز زلمی کی جانب سے آوٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی تھے۔  ان کی بیلز محمد سمیع نے ہوا میں بکھیر دیں۔

ڈاؤسن 33 رنز کی اننگ کھیل کر دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے۔

آخری اوورز میں وہاب ریاض کریز پر آئے تو 200  کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 28 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

فاسٹ بالر نے صرف 14  گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اننگ مکمل کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور قابل قبول ہندسوں تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔

ان کا ساتھ دینے والے ثمین گل دو رنز بنا سکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے تین، اور حسین طلعت اور سمت پاٹیل نے دو دو کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم کی راہ دکھائی۔

پی ایس ایل تھری کا فائنل ٹاکرا:

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا جا رہا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا میچ اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ نو سال بعد کسی مقابلے میں غیر ملکی کھلاڑی جلوہ گر ہیں۔

اس سے قبل 2009 میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین ایک روزہ میچ  کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔

تقریباً ایک عشرے کے بعد انٹرنیشنل مقابلے کی میزبانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے لیے ڈیڑھ ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں