حکومت نے جماعت اول تا پنجم یکساں نظام تعلیم لانے کا اعلان کر دیا


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جماعت اول تا پنجم یکساں نظام تعلیم لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام کابینہ اراکین کو سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کی تشخیص کو اجاگر کرنے کی ہدایات کی ہیں جبکہ بدھ کو وزیر اعظم نے اہم اجلاس طلب کیا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ جماعت اول تا پنجم یکساں نصاب لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تعلیمی نصاب میں مادری زبانوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں یونیفارم ایجوکیشن پالیسی بھی لا رہے ہیں، مدارس کے بچوں کو بھی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نصاب سے استفادہ حاصل ہو گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کل طلب کیے گئے اجلاس میں بجلی کی قیمت اور ٹرانسمیشن لائن پر بات کی جائے گی، ہماری ٹرانسمیشن لائن 18 ہزار میگا واٹ سے زیادہ کا لوڈ برداشت نہیں کر سکتی جبکہ گرمیوں میں 26 ہزار میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک بجلی کا کنڈا وائرس ہے۔

یہ بھی پڑھیں جائیداد کے ریکارڈ کی تصحیح و تبدیلی کیلئے ایپ متعارف کرادی

کورونا وائرس متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج تک کورونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا جبکہ وزرات صحت لوگوں میں آگاہی اور سرحد پر حفاظتی اقدام کر رہی ہے۔ پڑوسی ممالک میں کورونا وائرس پہنچ چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں سب جماعتوں کو ساتھ لے کر حکومت کیخلاف کھڑے ہوں گے، قمر زمان کائرہ

امریکی صدر کے دورہ بھارت پر تبصر کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ ہمسایہ ملک میں جو جھپیاں چل رہی تھیں اس میں مودی کے بیانیے کو شکست ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں