حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز

گور نمنٹ حج سکیم، 10دن میں موصول درخواستوں کی تعداد مایوس کن رہی


اسلام آباد: حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہو گیا اور شہری چھ مارچ تک درخواستیں بینکوں میں جمع کرا سکیں گے جس کے لیے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کردیے گئے ہیں۔

25 فروری سے چھ مارچ تک بلا تعطل درخواستیں جمع کی جائیں گی جبکہ ہفتہ اور اتوار کے روز بھی کاؤنٹرز کھلے رہیں گے۔

مزید پڑھیں: سرکاری حج کے نرخوں میں سوا لاکھ سے زائد کا اضافہ

وزارت مذہبی امور کی جانب سے بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کئے گئے ہیں۔

درخواستیں جمع کرانے والے تمام شہری پرامید ہیں کہ وہ سفر حجاز کیلئے جائیں گے۔

11 فروری کو وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد حج پر جائیں گے تاہم اس کوٹے میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

یہ بھی جانیں: سعودی حکومت نے عازمین حج پر 410 ریال کی اضافی فیس لاگو کردی

نور الحق قادری نے وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کے دوران حج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ حج پر جانے والے افراد 60 فیصد سرکاری حج اسکیم اور 40 فیصد نجی کوٹے سے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حج پالیسی کے نرخ پر بہت باتیں کی گئیں تھیں جو فضائی سفر مہنگا اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ اخراجات میں اضافہ کا باعث بنی تھی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال حج اخراجات کو ممکنہ حد تک کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلے حج اخراجات ساڑھے 5 لاکھ روپے بن رہے تھے تاہم سرکاری حج کوٹہ کے مطابق 4 لاکھ 70 ہزار روپے میں حج کیا جا سکے گا۔ شمالی علاقوں کا پیکج 4 لاکھ 90 ہزار اور جنوبی علاقوں کے اخراجات 4 لاکھ 80 ہزار روپے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں