پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا

پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا

ملتان: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے آٹھویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا۔

ہم نیوز کے مطابق پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 124 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ملتان سلطانزکی کامیابی میں ریلی روسو اور خوشدل شاہ کی عمدہ اننگز نے نمایاں کردار ادا کیا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تو حیدر علی کے علاوہ تمام کھلاڑی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام ثابت ہوئے۔ نتیجتاً پوری ٹیم 18.3 اوورز میں صرف 123 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئی۔

پی ایس ایل کا وہ لمحہ جب مایا علی جذباتی ہو گئیں

ہم نیوز کے مطابق بلے باز حیدر علی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنا کر ٹیم کو بڑا سہارا فراہم کیا۔ ٹیم کے دیگر بلے بازوں میں ٹام بینٹن چار، کامران اکمل 15، شعیب ملک دو، لائم لیونگ اسٹون صفر، وہاب ریاض نو، لائم ڈاﺅسن 22، حسن علی آٹھ ، ڈیرین سیمی دو اور محمد عامر خان سات رنزہی بنا سکے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویرکامیاب ترین باؤلر قرار پائے۔ انہوں نے 3.3 اوورز میں صرف 13 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہم نیوز کے مطابق محمد عرفان اور محمد الیاس نے بالترتیب دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہد خان آفریدی اور عمران طاہر نے بھی ایک ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے بلے بازی کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہیں تھا کیونکہ 47 کے مجموعی اسکور پر ا س کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے لیکن پھر بھی ریلی روسو، ذیشان اشرف اور خوشدل شاہ نے انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو چھ وکٹوں سے کامیابی دلادی۔

پی ایس ایل 5 کیلئے گانا علی ظفر بنائیں گے اور ویڈیو مداح

ہم نیوز کے مطابق ریلی روسو نے جارحانہ بلے بازی کا دلکش مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے جب کہ  خوشدل شاہ نے 29 گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 47 رنزکا اضافہ کیا۔ ٹیم کے دیگر بلے بازوں میں ذیشان اشرف 12، جیمز وینس 5، معین علی دو اور شان مسعود صرف آٹھ رنز بنا سکے۔

میچ میں ملتان سلطانز کی قیادت شان مسعود نے کی جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں جیمز وینس، ریلی روسو، معین علی، ذیشان اشرف، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہر اور محمد عرفان شامل تھے۔

پشاور زلمی کی قیادت ڈیرن سیمی نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام بینٹن، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، لیونگ سٹون، لائم ڈاﺅسن، وہاب ریاض، حسن علی، محمد عامر خان اور راحت علی شامل تھے

ہم نیوز کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: چھکے لگانے پر واٹسن کی وسیم اکرم سے معذرت

میچ سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ہوم گراونڈ کا فائدہ اٹھا کر پشاور زلمی کو ہرائیں گے۔

ملتان سلطان نے پی ایس ایل 2020 میں اب تک دو مقابلوں میں حصہ لیا جس میں نے ایک جیتا اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی چوتھے نمبر کی ٹیم ہے اور اس نے دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ سلطانز نے لاہور قلندر کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

یہ بھی جانیں: ڈیرن سیمی 23 مارچ کو پاکستان کے اعزازی شہری بن جائیں گے

لاہور قلندر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لیے ملتان سلطانز کو 139 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پشاور زلمی نے بھی اب تک دومیچ کھیل کرایک میں فتح حاصل کی ہے تاہم رن ریٹ بہتر ہونے کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر اسکی تیسری پوزیشن ہے۔

کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد دس رنز سے ہرایا تھا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کنگز نے چار وکٹوں کے نقصان پر دو سو ایک رنز بنائے اور جواب پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں  سات وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز ہی بنا سکی تھی۔


متعلقہ خبریں