27 فروری: ملکی دفاع کیلئے تاریخ ساز دن

27 فروری: ملکی دفاع کیلئے تاریخ ساز دن

فائل فوٹو


اسلام آباد: بھارت کے ناکام حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے جوانوں کو آج خراج تحسین پیش کیا جائے گا جس کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوگی۔

بھارتی فضائیہ کے جہاز چھبیس فروری  دو ہزار انیس کو بالا کوٹ کے مقام پر پے لوڈ گرا کر فرار ہوئے تھے اور اگلے ہی روز پاکستان نے  دشمن کو بھرپورجواب دیا تھا۔

ستائیس فروری 2019 کو جب بھارتی طیارے نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو شاہینوں نے دبوچ کرمار گرایا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کے میوزیم میں ابھی نندن کا مجسمہ نصب

بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا طیارہ آزادکشمیر کے حوراں گاؤں میں گرایا گیا اور مقامی آبادی نے بھارتی پائلٹ کو پکڑ کر مسلح افواج کے حوالے کیا۔

پاکستان کی مسلح افواج نے جنگی ماحول میں بھی تمام عالمی قوانین کی مکمل پاسداری کی اوربھارتی پائلٹ ، ابھی نندن کواپنی تحویل  میں لے لیا۔

ابھی نندن کے قبضے سے مختلف سامان بھی برآمد ہوا تھا جس میں ایک پستول، گولیاں نقشے اور دیگر کاغذات شامل ہیں۔ بھارت کے گرفتار پائلٹ نے پاک آرمی کے اچھے سلوک کی تعریف بھی کی تھی۔

بھارتی پائلٹ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا اعتراف بھی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹارگٹ کی تلاش میں بھارت کی حدود سے نکل گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارتی حکام کے حوالے

بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ زمین پر گرنے کے بعد  پاک فوج کے دوجوانوں نے مجھے لوگوں سے بچایا اوراپنے یونٹ لے گئے۔

پاک فضائیہ کے شاہینوں کے  کارنامے کو پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) میوزیم کی زینت بنا دیا گیا ہے۔

27 فروری کو ہونے والے واقعہ میں گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا مجسمہ اور اس سے برآمد  ہونے والا  سامان میوزیم میں رکھ دیا گیا ہے۔

میوزیم میں رکھے گئے سامان میں وہ  کپ بھی شامل  ہے جس میں پاک فوج نے ابھی نندن کوچائے پلائی تھی۔ کپ  کے اوپر بل بھی آویزاں ہے۔

۔۔پاکستان نے تمام انسانی، اخلاقی اور سفارتی تقاضے پورے کرتے ہوئے بھارتی پائلٹ کو بعد ازاں با حفاظت بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں