معروف برطانوی گلوکارہ جنسی زیادتی کا نشانہ بن گئیں


گریمی ایوارڈ یافتہ معروف برطانوی گلوکارہ ڈفی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں منشیات دے کر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ڈفی کا کہنا تھا کہ انہیں اس واقعے سے سنبھلنے میں کافی وقت لگ گیا۔

2008 میں ’مرسی‘ نامی گانے سے شہرت پانے والی گلوکارہ نے مداحوں کو یقین دلایا کہ اب وہ ٹھیک اور محفوظ ہیں۔

انہوں نے اپنے پوسٹ میں بتایا کہ انہیں منشیات دے کر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور کئی روز تک اغوا رکھا گیا تاہم انہوں نے حملہ آور کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پوسٹ لکھنے سے قبل انہوں نے کئی مرتبہ سوچا تاہم آخر میں اس واقعے کو شیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔

گلوکارہ ڈفی گریمی ایوارڈ کے علاوہ تین برٹ ایوارڈز بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارت میں زیادتی کا نشانہ بننے والی امریکی خاتون کی دہائی

ڈفی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ساتھ ہوئے واقعے کو لفظوں میں بتانے سے قاصر ہیں تاہم یہ تفصیلات بتانے کے بعد بہتر محسوس کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے منظر عام سے غائب رہنے کے بعد ایک صحافی نے ان سے رابطہ کیا جنہیں میں نے سب کچھ بتادیا، بالآخر کسی سے اس بارے میں بات کرکے راحت محسوس کی۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ آپ کے ذہنوں میں سوال ہوگا کہ میں نے اس حوالے سے پہلے کبھی آواز بلند کیوں نہیں کی؟ میں اپنے آنکھوں میں موجود دکھ کو دنیا کو دکھانا نہیں چاہتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکار کرس براؤن جنسی ہراسگی کے الزام میں گرفتار

انہوں نے بتایا کہ جلد اس حوالے سے ان کا انٹرویو نشر ہوگا اور انہوں نے مداحوں کو دعوت دی کہ وہ اس بارے میں ان سے سوالات ابھی کرسکتے ہیں جن کا جواب وہ انٹرویو میں دیں گی۔

انہوں نے مداحوں سے انہیں اور ان کی فیملی کو اس گھڑی میں سپورٹ کرنے کی اپیل کی۔


متعلقہ خبریں