پنجاب حکومت نے نواز شریف کی ضمانت منسوخی کیلئے خط لکھ دیا

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب حکومت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ضمانت منسوخی کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کے معاملے پر پنجاب حکومت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے قانونی مشاورت مکمل کر لی جس کے بعد پنجاب حکومت کی جانب سے نواز شریف کی ضمانت منسوخی کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھا گیا۔

خط کے ساتھ پنجاب حکومت نے گزشتہ روز ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے فیصلے بھی لف کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں نواز شریف کی ضمانت میں توسیع، پنجاب کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی ضمانت کی مدت میں توسیع کے معاملے پر شریف خاندان صوبائی حکومت کی خصوصی کمیٹی کو مطمئن نہیں کر سکا۔ کمیٹی نے سفارشات کی روشنی میں نواز شریف کی سزا کی معطلی کی مدت میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

خط میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت صوبائی کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں نواز شریف کی ضمانت کی منسوخی کے فیصلے کی توثیق کرے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستانی اشیا کا استعمال کریں، فواد چودھری کی عوام سے اپیل

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف کارروائی کے لیے وفاق سے رابطے میں ہے اور وفاقی حکومت کی ہدایات کے بعد نواز شریف کی ضمانت منسوخی سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔

پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف متعلقہ عدالت اور ٹرائل کورٹ میں وفاق جائے گی۔ جس کے لیے وفاقی حکومت کو مراسلہ بھیجوا دیا ہے اب وہ کارروائی کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں سات وزرا نے نواز شریف کی ضمانت کی بھرپور مخالفت کی جبکہ اہم وزرا خاموش رہے۔ اس کے بعد تمام وزرا نے حتمی فیصلے کا اختیار وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو دے دیا۔


متعلقہ خبریں