پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ کوئی شخص نہیں ہے، وزارت صحت

کورونا وائرس: دنیا میں 2 کروڑ 31 لاکھ سے زائد افراد متاثر

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزارت صحت کے مطابق ‏ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ کوئی شخص منظرعام پر نہیں آیا۔

ذرائع وزارت صحت کے مطابق قومی ادارہ صحت میں اب تک کورونا وائرس کے 104 سیمپلز کا ٹیسٹ منفی آیا ہے جبکہ ‏ملک بھر کے داخلی مقامات سے اب تک 6 لاکھ افراد کو اسکریننگ کے عمل سے گزارا جا چکا ہے۔

‏کوئٹہ میں بھی جلد قومی ادارہ صحت کی سہولت سے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا جا سکے گا۔ ‏ملک کے داخلی راستوں پر اسکریننگ کے عمل پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے پڑوسی ممالک بھارت، ایران اور افغانستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد پاکستان نے اپنی سرحدوں پر سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ کورونا وائرس سے اب تک 2 ہزار 764 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ جس میں سب سے زیادہ تعداد چین میں ہونے والی اموات کی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران چین میں مزید 52 افراد ہلاک ہوئے اور صرف چین میں ہونے والے اموات 2 ہزار 718 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں پنجاب حکومت نے نواز شریف کی ضمانت منسوخی کیلئے خط لکھ دیا

جنوبی کوریا میں بھی کورونا وائرس سے متاثر ایک شخص دم توڑ گیا ہے۔ جس کے بعد جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 12 ہو گئی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ دنیا کے 23 ممالک سے تعلق رکھنے والے سائنسدان 2 مارچ کو کراچی میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے اور کورونا وائرس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستانی اشیا کا استعمال کریں، فواد چودھری کی عوام سے اپیل

فواد چودھری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عالمی تعاون کے ذریعے ہی اس بڑے چیلنج کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں