شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال جیل سے رہا


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو اڈیالہ جیل روالپنڈی سے رہا کردیا گیا۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے دونوں لیگی رہنماؤں کی ضمانت درخواست منظور کر کے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

ایل این جی ریفرنس میں گرفتار اور اسیر لیگی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی رہائی کے لیے ضمانتی مچلکے تحصیلدار سے تصدیق کے بعد احتساب عدالت میں جمع کرادیے گئے۔

شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے ایک کروڑ کے ضمانتی مچلکے  احتساب عدالت میں جمع کرادیے، جس کے بعد احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کی رہائی کی روبکار جاری کر دی۔  شاہد خاقان عباسی کی روبکار احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے جاری کی۔

مزید پڑھیں: شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانتیں منظور

ناروال اسپورٹس سٹی کمپلکس اسکینڈل میں گرفتار اور اسیر لیگی رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی رہائی کے لیے ضمانتی مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرادیے گئے، جس کے بعد احتساب عدالت نے ان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی۔

لیگی رہنما  احسن اقبال کے وکیل نے اپنے موکل کی جانب سے ایک کروڑ کے ضمانتی مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرا دیے۔ احسن اقبال کی روبکار احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جاری کر دی۔

عدالت سے روبکار جاری ہونے کے بعد دونوں لیگی رہنماؤں کو  اڈیالہ جیل راولپنڈی  سے  رہا کردیا گیا۔

مزید پڑھین: لیگی رہنما جاوید لطیف نے اہلخانہ کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا دیں

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز پر مشتمل بینچ نے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

عدالت نے ضمانتیں ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے ن لیگی رہنماؤں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے کہ 18 جولائی 2019 کو نیب نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹھوکر نیاز بیگ ٹول پلازہ لاہور سے گرفتار کیا تھا۔

نیب نے رہنما مسلم لیگ ن کو ایل این جی کیس میں عدم تعاون پر گرفتار کیا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے کیس میں پیش ہونے سے انکار کیا تھا۔

یاد رہے کہ 23 دسمبر 2019 کو نیب نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں مبینہ گھپلوں کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔


متعلقہ خبریں