ایڈووکیٹ جنرل پنجاب جمال احمد سکھیرا مستعفیٰ


لاہور: ایڈووکیٹ جنرل پنجاب جمال احمد سکھیرا نے استعفیٰ دے دیا جسے انہوں نے گورنر پنجاب کو بھجوا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ استعفیٰ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا ہے۔

گزشتہ سال اپریل میں وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد احمد جمال سکھیرا نے بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔

انہوں نے احمد اویس کی جگہ اس عہدے کا چارج سنبھالا تھا جن کے خلاف لاہور ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور عہدے سے مستعفی

جمال احمد سکھیرا وفاقی سیکرٹری برائے کامرس اور انڈسٹریز احمد نواز سکھیرا کے بھائی ہیں۔

یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب دو روز قبل نئے اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس سے متعلق کیس لڑنے سے معذرت کر لی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق خالد جاوید نے کہا کہ کیس میں مفادات کا ٹکراؤ ہے لہٰذا پیش نہیں ہوسکتا۔

اٹارنی جنرل کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان کی اس کیس میں تیاری ہے اور حکومت کو انہیں وکیل مقرر کرنے کی درخواست دی ہے، عدالت سے استدعا ہے اس کو قبول کیا جائے۔

مزید پڑھیں: خالد جاوید خان اٹارنی جنرل پاکستان تعینات

گزشتہ ہفتے اٹارنی جنرل انور منصور خان کے استعفے کے بعد خالد جاوید کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

ترجمان وزارت قانون کے مطابق اٹارنی جنرل انور منصور کو حکومت کی جانب سے مستعفی ہونے کا کہا گیا تھا۔

انور منصور خان نے اپنے استعفے میں مؤقف اپنایا کہ پاکستان بار کونسل نے اس کا مطالبہ کیا تھا اور میرے لیے یہ افسوس کی بات ہے کہ جس بار کونسل کا چیئرمین ہوں اس نے استعفے کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد وزارت قانون نے نئے اٹارنی جنرل کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔


متعلقہ خبریں