کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا


کراچی: کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے، محکمہ صحت سندھ نے کراچی کے رہائشی 22 سالہ یحییٰ جعفری میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی ہے۔ 

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے رہائشی 22 سالہ یحییٰ جعفری میں کورونا وائرس پائے جانے کی تصدیق کردی۔

مزید پڑھیں: چین میں کورونا وائرس سے مزید 52 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ مشتبہ شخص، جو کہ ایران سے 20 فروری کو بذریعہ جہاز ایران سے کراچی آیا تھا، کو فیملی کے دیگر ممبران کے ہمراہ کراچی کے آغاخان اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مشتبہ شخص اور دیگر خاندان کے افراد کو آغاخان اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

میران یوسف نے کہا کہ صوبائی حکومت اور کراچی کے مختلف اسپتالوں میں کورونا وائرس کے علاج کی سہولیات اور ادویات موجود ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا یہ دوسرا کیس ہے جس کی حکومتی سطع پر تصدیق کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا کے حوالے سے ہونے والی کوتاہیوں کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ظفرمرزا

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ  یحییٰ جعفری بغیر اسکریننگ کے کراچی ائیر پورٹ سے باہر آیا تھا۔ مشتبہ شخص اور اس کے دیگر اہل خانہ کے افراد کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

دریں اثناء معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ایک ٹویٹ میں پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کی ہے۔

اپنے ٹیوٹ میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں اشخاص کا کلینیکل اسٹینڈرڈ  پروٹوکول کے مطابق خیال رکھا جارہا ہے اور دونوں مریض مستحکم حالت میں ہیں۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ چیزیں قابو میں ہیں۔ میں کل تفتان سے واپسی پر پریس کانفرنس کروں گا۔

اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ اس وقت چین اور ایران سمیت دنیا کے 30 ممالک اس وبا کی لپیٹ میں ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم لوگوں کو ٹریس کرنے کے لیے ان کے نمبر اور نام لے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں