کورونا وائرس: سعودی عرب نے پاکستانی عمرہ زائرین پر پابندی لگا دی

سعودی عرب نے پاکستانی عمرہ زائرین

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد سعودی عرب نے  پاکستان سے عمرے کے لیے جانے والے زائرین کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق غیرملکی ایئر لائین نے عمرے پرجانے والے مسافروں کو نہ لیجانے سے متعلق آگاہ کردیا۔ پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بھی سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کو منع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا

اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر اتحاد ایئرلائن نے 67 عمرہ زائرین کو آف لوڈ کردیا ہے۔ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے عمرہ زائرین پرعارضی پابندی لگا دی ہے اور اب پاکستانیوں کو عمرہ اور سیاحتی ویزے نہیں دیے جا رہے۔

پی آئی اے نے لاہور سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے 747 سے تین سو عمرہ زائرین کو اتار دیا ہے۔ سعودی ایئر سے جانے والے تین سو سے زائد عمرہ زائرین کو بھی آف لوڈ کردیا گیا ہے۔

لاہور۔ پی آئی اے کی رات ساڑھے دس بجے جانے والی پرواز پی کے 759 کے عمرہ زائرین کو بھی روک دیا گیا۔

لاہور۔ پی کے 759 کے 340 سے زائد عمرہ زائرین کو گھروں سے نہ آنے کیلئے فون کالز کی جارہی ہیں۔

پاکستان میں دو مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے بتایا تھا کہ کراچی اور اسلام آباد میں موجود دونوں متاثرہ افراد ایران سے آئے ہیں۔

دونوں اشخاص کا کلینیکل اسٹینڈرڈ  پروٹوکول کے مطابق خیال رکھا جارہا ہے اور دونوں مریض مستحکم حالت میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں کورونا وائرس سے مزید52 ہلاک

کراچی کے بائیس سالہ یحییٰ جعفری اہلخانہ سمیت آئیسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔ سندھ بھر میں آج اور کل تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے جب کہ بلوچستان میں تعلیمی ادارے 15مارچ تک بند رکھنےکا اعلان کیا گیا اور امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کی علامات کی صورت میں ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں۔

وزیر ہوا بازی غلام سرور نے بتایا کہ ملک بھر کے ایئرپورٹس ہنگامی صورتحال کا نفاذ کر دیا گیا ہے اور اسکریننگ سو فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت چین اور ایران سمیت دنیا کے 30 ممالک کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہیں۔ پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحد بند کر رکھی ہے۔


متعلقہ خبریں