پی ایس ایل: گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد یونائیٹڈ کو شکست دیدی


راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پی ایس ایل کا وہ لمحہ جب مایا علی جذباتی ہو گئیں

ہم نیوز کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تیسری کامیابی اپنے نام کی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے اس فتح کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ ملتان سلطانز سے پہلی پوزیشن بھی چھیننے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ملنے والے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپننگ بلے باز جیسن روئے اور شین واٹسن نے کھیل کا آغاز انتہائی پراعتماد انداز میں کیا تھا۔

جیسن روئے نے شروع ہی میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف باؤلرز کو باؤنڈری کی راہ دکھائی تو شین واٹسن نے بھی دو چوکے جڑ دیے لیکن 41 کے مجموعی اسکور پر شین واٹسن فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہ چکنے والے احمد شہزاد نے بھی دو انتہائی دلکشن چھکے لگا کر اپنی فارم بحال ہونے کا اعلان کیا لیکن پھر وہ اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ وہ پانچ گیندوں پر دو چھکوں کے ساتھ صرف 12 رنز ہی بنا سکے تھے۔

حیرت انگیز طور پر شہرت یافتہ بلے باز اعظم خان  بھی اچھی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف دس گیندوں پر دس ہی رنز بنا کر احمد سفی عبداللہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

ہم نیوز کے مطابق اس موقع پرجیسن روئے نے انتہائی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنالیے۔ وہ اس وقت احمد سفی عبداللہ کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا مجموعی اسکور 102 رنز تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے  اس موقع پر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن اسی وقت وہ فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ اس وقت مجموعی اسکور 133 رنز تھا۔

سرفراز احمد نے کل 20 گیندوں کا سامنا کیا اور پانچ چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔ بین کٹنگ اور محمد نواز نے چھٹی وکٹ میں ٹیم کے مجموعی اسکور میں 57 رنزکا اضافہ کیا جو ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ثابت ہوئے۔

پی ایس ایل افتتاحی تقریب: کس فنکار نے کیا کہا؟

ہم نیوز کے مطابق بین کٹنگ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چو کوں کی مدد سے 36 رنز بنائے جب کہ محمد نواز نے 20 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 25 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔

فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے۔ انہوں نے چار اوورز میں 23 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ٹیمل ملز نے چار اوورز میں 34 رنز کے عوض دو ہی وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد حسنین اور بین کٹنگ نے ایک/ ایک کھلاڑی کوشکار کیا۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے احمد سفی عبداللہ سب سے کامیاب باﺅلر قرار پائے۔ انہوں نے تین اوورز میں 17 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جب کہ فہیم اشرف نے چار اوورز میں 46 رنز دے کردو وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان بھی ایک کھلاڑی کا شکار کرنے میں کامیاب رہے۔

ماہرین کرکٹ کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ 188 رنز کا ہدف کولن انگرام کی بہترین نصف سنچری کی وجہ سے دینے میں کامیاب رہی تھی۔ کولن انگرام نے 39 گیندوں پر دو چھکوں اورچھ چوکوں کی مدد سے شاندار 61 رنز بنائے تھے۔

پی ایس ایل: پولیس کے چھاپے، 3 بکی گرفتار

کرکٹ مبصرین کے خیال میں اس میچ کے دوران شائقین نے حقیقی معنوں میں کرکٹ کا لطف اٹھایا اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شائقین کو راولپنڈی میں زبردست بلے بازی اور گیند بازی دیکھنے کو ملی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بلے بازی کی دعوت دی تھی۔

بلے بازی کی دعوت ملنے کے بعد تو لیوک رونکی نے پہلے اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر چوکا اور چھکا لگا کرابتدا میں اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے تھے لیکن پھر وہ نسیم شاہ کے پلے ہی اوورکی پہلی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اوپننگ بلے باز کولن منرو اور ڈیوڈ ملان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں ٹیم کا مجموعی اسکور 36 پر پہنچایا لیکن پھر نسیم شاہ نے ان کی شراکت بھی ختم کردی۔ اس مرتبہ ان کا نشانہ ڈیوڈ ملان بنے جو کلین بولڈ ہوئے۔ اس وقت تک وہ 9 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے دس رنز بنا چکے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق کولن منرو نے اس موقع پر بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹورنامنٹ کا 100 واں چھکا بھی لگایا لیکن ٹیم کو ایک مرتبہ پھر اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب 56 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا

وہ محمد حسین کی گیند پر پویلین لوٹے۔ انہوں نے 20 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 31 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور کولن انگرام نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 76 رنز بنائے تو اس وقت مجموعی اسکور 132 ہوچکا تھا لیکن اس موقع پرٹیم کا نقصان اس طرح ہوا کہ شاداب خان جو بہت اچھی طرح سیٹ ہوچکے تھے، بین کٹنگ کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

شاداب خان نے 25 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق شاداب خان کے بعد وکٹ پرآنے والے بلے باز آصف علی نے جارحانہ کھیل کھیلنے کی کوشش ضرور کی اوردو چھکے بھی لگا کر ٹیم پہ آنے والے پریشر کو کم کرنے کی کوشش کی مگر وہ فوراً ہی ٹیمل ملزکا شکار ہوگئے۔ ان کا کیچ جیسن روئے نے کیا۔

انہوں نے دس گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے صرف 15 رنز بنائے تھے۔ آلراؤنڈر فہیم اشرف چار گیندوں پر چار رنز ہی بنا سکے اور احمد شہزاد کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں لیوک رونکی، کولن منرو، ڈیوڈ ملان، کولن انگرام، آصف علی، رومان رئیس، فہیم اشرف، عماد بٹ، احمد سفی عبداللہ اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے، شین واٹسن، احمد شہزاد، اعظم خان، محمد نواز، نسیم شاہ، ٹیمل ملز، محمد حسنین، سہیل خان اور بین کٹنگ شامل ہیں۔

پی ایس ایل 5 کیلئے گانا علی ظفر بنائیں گے اور ویڈیو مداح

اسلام آباد یونایئٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اس سے قبل ٹورنامنٹ میں تین/ تین میچز کھیلے تھے اور دونوں نے دو / دو  میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہی کھیلا گیا تھا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

آج کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا پلڑا بھاری تھا کیوں کہ یہ ٹیم 2016 اور 2018 میں فاتح رہی تھی جب کہ 2017 میں چوتھے اور 2019 میں تیسرے نمبر پر آئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے دو سال یعنی 2016 اور 2017 میں دوسرے نمبر کی ٹیم رہی تھی۔ اس نے 2018 میں چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی جب کہ 2019 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔


متعلقہ خبریں