کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد حکومت کے سخت اقدامات

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد حکومت نے مزید سخت اقدامات کیے ہیں۔ 

ہم نیوز کے مطابق بلوچستان میں 15 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ میٹرک کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

وزیر تعلیم یار محمد رند کا کہنا ہےکہ فیصلہ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کر دی

پمز اسپتال اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریض کے داخل ہونے کے بعد اسپتال میں ایک الگ وارڈ بنایا گیا ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھی مسافروں کی اسکریننگ کا عمل سخت کر دیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید ہیلتھ ڈیسک بنائے جائیں گے۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا آج پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس: سعودی عرب نے پاکستانی عمرہ زائرین پر پابندی لگا دی

دوسری جانب سعودی عرب نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے عمرہ زیارات اور سیاحتی ویزے پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق عمرہ زائرین پر عارضی پابندی کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے باعث لگائی ہے۔

ایران نے بھی مشہد اور قم شہر جانے پر پابندی لگا دی ہے۔

کورونا وائرس کیا ہے؟

اسے سارس وائرس کا کزن بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ان دونوں میں کئی خصوصیات مشترک ہیں۔ چینی سائنسدان لیو پون کا خیال ہے کہ اس کا آغاز بھی جانوروں سے ہوا اور بعد میں یہ انسانوں میں منتقل ہو گیا۔

کورونا وائرس دراصل ایک بڑا گروپ ہے جو عموماً جانوروں میں پایا جاتا ہے، ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ یہ جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہو جائے۔

کورونا وائرس کی علامات

اس سے متاثرہ افراد میں آغاز میں زکام جیسی علامات ظاہر ہوتی ہے، ناک کا بہنا، کھانسی، گلے کی تکلیف، عموماً سردرد اور بعض اوقات بخار شروع ہو جاتا ہے۔

ایسے افراد (بڑی عمر کے یا بہت چھوٹی عمر کے بچے) جن کے جسم کا مدافعاتی نظام کمزور ہوتا ہے ان کے لیے نمونیا یا برونکائیٹس میں مبتلا ہونے کا امکان ہوتا ہے۔

وائرس کی وبا کی حالیہ تاریخ

مڈل ایسٹ ریسپی ریٹری سنڈروم (مرس) 2012 میں مشرق وسطیٰ میں شروع ہوا۔ غالب امکان ہے کہ یہ اونٹوں سے انسانوں میں منتقل ہوا۔ اس سے متاثر ہونے والے ہر 10 افراد میں سے تین سے چار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

سیویر اکیوٹ ریسپی ریٹری سنڈروم (سارس) کا آغاز چین کے صوبے گینگ ڈون سے ہوا۔ ہلاکتوں کی شرح عمر کے مطابق صفر سے پچاس فیصد تھی۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ یہ خاص قسم کی بلیوں سے انسانوں میں پھیلا۔

کورونا وائرس کیسے پھیلتا ہے؟

ایک فرد سے دوسرے فرد میں وائرس کی منتقلی کے کئی راستے ہیں جن میں کھانسی، چھینک، ہاتھ ملانا شامل ہیں۔ اگر متاثرہ شخص نے کس چیز کو چھوا ہو اور اسے دوسرا فرد چھو کر اپنے منہ، ناک یا آنکھوں کو لگائے تو اس صورت میں بھی وائرس کے پھیلنے کا امکان ہوتا ہے۔

کورونا وائرس کا علاج

اس کا کوئی خاص علاج نہیں ہے۔ بہت بار علامات خود بخود ختم ہو جاتی ہیں۔ درد یا بخار پر قابو پانے کے لیے ڈاکٹر ادویات دے سکتے ہیں۔ گرم پانی سے نہانا بھی دکھتے ہوئے گلے یا کھانسی کو دور کر سکتا ہے۔

اس سے متاثرہ افراد کو زیادہ سے زیادہ پانی اور جوسز پینے چاہئیں، آرام کرنا لازم ہے اور بھرپور نیند ضروری ہے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ

اس وائرس کی کوئی ویکسین موجود نہیں ہے۔ متاثرہ افراد سے دور رہنا چاہیئے۔ اپنی آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے پرہیز کرنا چاہیئے۔ اپنے ہاتھوں کو صابن سے کم از کم بیس سیکنڈ پر دھوئیں۔


متعلقہ خبریں