سرپرائز ڈے: پاک فضائیہ کا کراچی میں شاندار ایئر شو



کراچی: بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ کی جانب سے کراچی سی ویو پر شاندر ایئر شو کا انعقاد کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، گورنرسندھ عمران اسماعیل، مسلح افواج کے افسران، جوان اورشہریوں کی بڑی تعداد نے ایئرشو دیکھا۔

جے ایف سیون ٹین  تھنڈراور ایف سولہ طیاروں نے فلائنگ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ایئر شو میں شیردل طیاروں نے بھی فضا میں خوبصورت مظاہرے پیش کیے جب کہ میراج طیاروں اورایم آئی 171 ہیلی کاپٹرز نے بھی ایئر شو کو چار چاند لگائے۔

یہ بھی پڑھیں: ’سرپرائز ڈے‘ پر افواج پاکستان کو خراج تحسین

پاک فضائیہ کے لڑاکا جہازوں نے پیشہ ورانہ تربیت کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان فضائیہ کے شیردل سکواڈرن نے پیشہ ورانہ تربیت کا شاندار مظاہرہ کیا اور حاضرین کی داد سمیٹی۔

شیر دل اسکواڈرن منوور کے ایروبیٹکس کے دوران ایک دوسرے کے انتہائی قریب سے گزرنے کے مظاہرے نے حاضرین کو دل تھامنے پر مجبور کر دیا۔

شیر دل اسکواڈرن کے نو طیاروں نے فارمیشن کے دوران پاکستانی پرچم کے رنگ بکھیرے جنہیں دیکھ کر عوام داد دیے بنا نہ رہ سکے۔

جہازوں کے فلائی پاسٹ سے قبل پرندوں کو فضا سے پٹاخوں کی مدد سے ہٹایا گیا تاکہ کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔

پاک فضائیہ کے یوم فتح کے موقع پرایئرہیڈکوارٹراسلام آباد میں بھی پروقارتقریب ہوئی جس میں ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: 27 فروری: ملکی دفاع کیلئے تاریخ ساز دن

تقریب کے مہمان خصوصی ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے چاق و چوبند دستے کا معائنہ کیا۔

ایئرچیف نے کہا کہ آج کے دن پاک فضائیہ نے دشمن کا غرور خاک میں ملایا اور مستقبل میں بھی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

پاک فضائیہ کی تاریخ میں 27 فروری ایک ناقابل فراموش دن کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اسی روز دشمن کے دو لڑاکا طیارے تباہ کیا اور دشمن کے پائلٹ ابھی نندن کو بھی جنگی قیدی بنایا۔

27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کو”تاریخی سرپرائز“ دے کر اسکا گھمنڈ خاک میں ملایا۔

آپریشن’سوفٹ ریٹورٹ‘ کی تاریخی کامیابی پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے اور بھارت 27 فروری کو ہونے والی سبکی کبھی نہیں بھول سکے گا۔

 


متعلقہ خبریں