دو ایٹمی طاقتوں میں جنگ کی گنجائش نہیں ہوتی، ڈی جی آئی ایس پی آر



راولپنڈی: ڈائرکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں  کہا ہے کہ جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا ہماری افواج نے بہادری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی سیاسی اور فوجی قیادت کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ اگر جنگ چھڑی تو اس کے نتائج بھیانک ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی اور یہ خطہ بھی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہماری کوشش یہی ہے کہ امن کا راستہ اپنایا جائے لیکن ہم بھارت کی طرف سے آنے والے بیانات کو بھی انتہائی سنجیدہ لیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مخالفین ہر دفعہ ہمارے دلیرانہ جواب سے حیران ہوں گے،ڈی جی آئی ایس پی آر

انہوں نے کہا کہ بھارت کی تمام  تیاریوں پر پاکستان کی نظر ہے، ہم بھی 100 فیصد تیاری کے ساتھ بیٹھے ہیں اور اپنے ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک سال قبل اسی روز پاک بھارت جنگ دستک دے چکی تھی جب بھارت نے حملے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے اندرونی انتشارسے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت جو کھیل کھیل رہا ہے پاکستان کو اس کا مکمل ادراک ہے۔

ہمیں ایل او سی پر بھارت کی طرف سے خطرات کا سامنا ہے، بھارت کی اشتعال انگیزیاں خطے کے لیے بھی خطرہ ہے، بھارت نے ایل او سی پر سب سے زیادہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارت خطرناک رستے پہ چل پڑا ہے، واپسی مشکل ہے: عمران خان

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ہماری افواج باصلاحیت ہیں اور اس کی صلاحیتوں کو مزید نہ آزمایا جائے۔ مسئلہ کشمیر کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ فوج بالکل تیار ہے لیکن فیصلہ سیاسی قیادت کرے گی۔

افغان امریکہ معاہدے کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ فی الحال تعطل کی کوئی اطلاع نہیں اور ہم بھی چاہتے ہیں کہ خطے میں امن قائم ہو،امن معاہدے کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔


متعلقہ خبریں