کے پی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا عہدہ تبدیل کرنے کا فیصلہ

پی ڈی ایم ٹھنڈی ہوچکی، جان نہیں رہی: شوکت یوسف زئی

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و نشریات شوکت یوسفزئی کا عہدہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر اس وزارت کے امور سنبھالیں گے۔

سرکاری ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ شوکت یوسفزئی سے محکمہ اطلاعات لیکر دوسری وزارت ان کے حوالے کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت یا کھیل و ثقافت ان کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: وزیراطلاعات کی حکومت میں اختلافات کی تردید

دوسری جانب شوکت یوسفزئی نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ محمود خان سے اپنی وزرات تبدیل کرنے کی خود درخواست کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے آمادگی ظاہر کی ہے، چند دن میں اعلامیہ جاری ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے خیبرپختونخوا حکومت میں متعدد تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔

گزشتہ ماہ کے پی میں سینئر وزیر عاطف خان سمیت تین وزرا کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عاطف خان سمیت خیبر پختونخوا کے 3 وزراء کابینہ سے فارغ

گورنر کے پی شاہ فرمان نے صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان، وزیر صحت  شہرام ترکئی اورصوبائی وزیر ریونیو شکیل خان کو عہدوں سے سبکدوش کردیا۔

واضح رہے کہ صوبائی وزیر ریونیو شکیل خان نے انکشاف کیا تھا کہ صوبے میں کچھ اداروں میں کرپشن ہو رہی ہے جس پر مجھ سمیت پی ٹی آئی کے حکومتی ممبران اور ورکرز کو شدید تحفظات ہیں، ہم ان معاملات کو وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عاطف خان اور شہرام کے ساتھ معاملات کافی عرصے سے خراب تھے، یہ بات بھی غلط ہے کہ ان کا مؤقف نہیں سنا گیا، وزیراعظم نے بار بار سنا لیکن اب جبکہ متوازی حکومت چلانے کی کوششیں عروج پر پہنچیں تو عمران کو مجبوراً سخت فیصلہ کرنا پڑا۔

صوبائی نے کہا کہ شہرام اور عاطف خان صوبے میں متوازی حکومت قائم کرنا چاہ رہے تھے جس کی وجہ سے انہیں عہدوں سے ہٹایا گیا۔


متعلقہ خبریں