علاج مکمل ہونے تک نوازشریف لندن میں رہیں گے، رانا ثنااللہ


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف علاج مکمل ہونے تک لندن میں رہیں گے۔

ماڈل ٹاؤن میں اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے منتخب جنرل سیکرٹری عمیر بلوچ ایڈووکیٹ، ن لیگ لائرز فورم کے رہنما رانا ظفر اقبال اور دیگر وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک علاج کی ضرورت ہو گی نوازشریف لندن میں رہیں گے۔ سب کی دعا ہے وہ روبصحت ہو کر واپس آئیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف جب لندن گئے تو صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا تھا کہ کچھ ٹیسٹ ملک میں نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کہتی رہیں کہ نوازشریف باہر علاج کے لیے جا سکتے ہیں۔ حکومتی میڈیکل بورڈ نے بھی انہیں لندن جانے کی اجازت دی۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت نے نواز شریف کی ضمانت منسوخی کیلئے خط لکھ دیا

لیگی رہنما کے مطابق ایک شخص نے کہا کہ نواز شریف کے باہر جانے کے لیے ساڑھے 7  ارب روپے کی شرط لگائی گئی، جو شرم کا باعث ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ نوازشریف کی میڈیکل ٹیم فیصلہ کرے گی کہ کب انہیں اسپتال لے جانا ہے۔ میڈیکل ٹیم فیصلہ کرے گی کہ کب نواز شریف سفر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے معاملے میں حکومت کا کوئی استحقاق نہیں رہا۔ نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ دے کر حکومت نے اخلاقی پستی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سیاسی رواداری جو کبھی ملک میں تھی 2014  کے بعد عمران خان نے ملیا میٹ کر دی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ن لیگ کی قانونی ٹیم عدالت سے رجوع کرے گی اور وہاں نواز شریف کے حق میں فیصلہ ہو گا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: لیگی رہنما احسن اقبال کی جیل سے رہائی کے بعد پھر طلبی

اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے منتخب جنرل سیکرٹری عمیر بلوچ ایڈووکیٹ نے دیگر ساتھی وکلاء کے ہمراہ پی ایم ایل ن میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

صدر ن لیگ پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا کہ جس جذبے سے وکلاء رہنما پارٹی میں شامل ہوئے ہیں ہم بھی ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ وکلاء جمہوریت، عام آدمی کے حقوق اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں