کورونا وائرس سے ایران میں 26 ہلاکتیں، چینیوں کے داخلے پر پابندی


تہران: کورونا وائرس سے ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی، جس کے بعد ایران نے چینی شہریوں کے ملک میں داخلے پرپابندی عائد کردی ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 245 ہوگئی ہے، جو کہ چین سے باہر اس وائرس سے اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

ترک خبرایجنسی اناطولیہ  کے مطابق ایران کی خاتون نائب صدر معصومہ ابتکار بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔ معصومہ ابتکار کے ٹیسٹ میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس وباء کی وجہ سے ایرانی حکام نے تہران میں نماز جمعہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایرانی وزرات صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ایران بھر میں کورونا وائرس کے 106 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کیا ہے اور اس سے کیسے بچیں؟

وزارات صحت کے ترجمان نے ایرانی شہریوں کو اندرون ملک غیر ضروری سفر نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جانب سے مقدس مقامات پر جانے پر پابندی لگانے کے ساتھ تہران مٰن آنے والے جمعے کے خطبے کو منسوخ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق جمعہ کے خطبے کی منسوخی کے حوالے سے حتمی فیصلہ ایرانی صدر کریں گے۔

ترجمان جہانپور کے مطابق حکومت نے سینما گھروں کی بندش، ثقافتی تقریبات اور کانفرنسوں پر پابندی کو مزید ایک ہفتے کے لیے بڑھایا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی کے مطابق چین سے بیس ہزار کے لگ بھگ کورونا وائرس کٹس اور دیگر سامان جمعہ تک ایران پہنچ جائیں گے۔

دریں اثناء دنیا کے مختلف ممالک بشمول ، جاپان، اٹلی، جنوبی کوریا اور اسٹریلیا نے کورونا وائرس وبا سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کا نفاذ کردیا ہے۔ کورونا وائرس دنیا کے 44 ممالک میں پھیل چکا ہے جہاں اس سے اب تک 3246 افراد متاثر اور 51 اموات ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس، پنجاب حکومت نے فنڈز جاری کردیے

جاپان میں ٹورسٹ بس میں سوار مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہنگامی ٹوکیو میں بڑے اجتماعات اور کھیلوں کے پروگرام دو ہفتے کے لیے منسوخ کردیے ہیں۔ جاپان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 200 ہوگئی ہے۔

اسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں کو ادویات کا اسٹاک رکھنے اور دیگر ضروری سامان تیار رکھنے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نائب صدر مائیک پنس کو امریکہ کا کورونا رسپانس کا انچارج مقرر کردیا ہے۔ امریکہ میں اب تک 59 کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پیرس میں فرانسیسی صدر عمانوئل میکرون نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے فرانس کو بحران کا سامنا ہے۔ وبائی مرض فرانس پہنچنے والا ہے۔

دریں اثنا  یونان میں کرونا وائرس کے 2 نئے کیس منظرعام پر آ گئے ہیں۔ وائرس کی وجہ سے یونان میں سالانہ تہوار بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ ڈنمارک اور اسرائیل میں بھی کورونا وائرس کے ایک ایک کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1261 اور ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔ اٹلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 453 اور ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی۔


متعلقہ خبریں