کورونا وائرس کے شبہ میں دو مریض نشتر اسپتال منتقل

نشتر اسپتال ملتان

فائل فوٹو:نشتر اسپتال ملتان


ملتان:  لیہ سے تعلق رکھنے والے دو مریضوں کو کورونا وائرس کے شبہ میں نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لیہ کے رہائشی 60 سالہ پٹھان ماہی اور 60 سالہ خدا بخش کو کرونا وائرس کے شبہ میں نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق دونوں مشتبہ مریضوں نے چند روز قبل ایران کا سفر کیا تھا۔ دونوں مریض بخار اور کھانسی میں مبتلا ہیں۔

ذرائع نشتر اسپتال کے مطابق دونوں مشتبہ مریضوں کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد بھجوائے جا رہے ہیں۔ رپورٹس آنے کے بعد مریضوں میں وائرس ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کا کیس سامنے آگیا تھا۔ محکمہ صحت سندھ نے کراچی کے رہائشی 22 سالہ یحییٰ جعفری میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: سعودی عرب نے پاکستانی عمرہ زائرین پر پابندی لگا دی

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے رہائشی 22 سالہ یحییٰ جعفری میں کورونا وائرس پائے جانے کی تصدیق کردی تھی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آگئے ہیں، جس کی حکومتی سطع پر تصدیق کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: چین میں کورونا وائرس سے مزید 52 افراد ہلاک

انہوں نے کہا تھا کہ مشتبہ شخص، جو کہ ایران سے 20 فروری کو بذریعہ جہاز ایران سے کراچی آیا تھا، کو فیملی کے دیگر ممبران کے ہمراہ کراچی کے آغاخان اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مشتبہ شخص اور دیگر خاندان کے افراد کو آغاخان اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

میران یوسف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور کراچی کے مختلف اسپتالوں میں کورونا وائرس کے علاج کی سہولیات اور ادویات موجود ہیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ  یحییٰ جعفری بغیر اسکریننگ کے کراچی ائیر پورٹ سے باہر آیا تھا۔ مشتبہ شخص اور اس کے دیگر اہل خانہ کے افراد کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

گزشتہ روز معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ایک ٹویٹ میں پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کی تھی۔

اپنے ٹیوٹ میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں اشخاص کا کلینیکل اسٹینڈرڈ  پروٹوکول کے مطابق خیال رکھا جارہا ہے اور دونوں مریض مستحکم حالت میں ہیں۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ چیزیں قابو میں ہیں۔ میں کل تفتان سے واپسی پر پریس کانفرنس کروں گا۔


متعلقہ خبریں