پی ایس ایل فائیو کے ترانے کا تنازع عدالت پہنچ گیا


لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے آفیشل ترانے کا تنازع عدالت پہنچ گیا ہے اور نئے گانے کی ریلیز رکوانے کے لیے مقامی عدالت میں دعویٰ دائر کردیا گیا ہے۔

جج کامران کرامت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے علی ظفر، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پیمرا سے دو مارچ کو جواب طلب کرلیا۔

عدالت میں میں رانا رضوان نے رانا نعمان ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں پی سی بی ، پیمرا اور علی ظفر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ پاکستان میں 11 سال بعد کرکٹ کے میدان سجے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل افتتاحی تقریب: کس فنکار نے کیا کہا؟

ان کے مطابق علی ظفر اور علی عظمت کے گانے کے تنازع پر پاکستان کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے اور دوسرے ترانے سے ہماری کرکٹ بدنام ہوگی۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ’تیار ہو‘ کے نام سے پہلے ہی پی ایس ایل 5 کا گانا ریلیز ہو چکا ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پی سی بی اور پیمرا کو  علی ظفر کے گانے کی ریلیز سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا آفیشل گانا ’تیار ہو‘ عوام کو ایک آنکھ نہیں بھایا تھا۔ ’تیار ہو‘ پر نہ صرف شدید تنقید کی گئی تھی بلکہ عوام نے کھل کر اس گانے کے لیے ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 5 کیلئے گانا علی ظفر بنائیں گے اور ویڈیو مداح

گانے کے لیے ناپسندیدگی کے اظہار کے ساتھ ہی عوام نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی س بی) سے مطالبہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کے آفیشل گانے کے لیے علی ظفر کی خدمات حاصل کی جائیں۔

پی سی بی نے تو اس ضمن میں کوئی قدم نہیں اٹھایا تاہم علی ظفر نے ذاتی طور پر پی ایس ایل کا نغمہ بنانے کا بیڑا اٹھایا، گلوکار نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی تھی کہ ’بھائی آ رہا ہے‘۔

علی ظفر نے گانے کی ویڈیو بنانے کے لیے اپنے مداحوں کو دعوت دی اور کہا کہ عوام ڈانس کرکے اپنی ویڈیو ریکارڈ کریں اور انہیں بھیجیں۔

معرف گلوکار کے اس پیغام کے بعد ان کے مداحوں نے انہیں دھڑا دھڑا ویڈیوز بھیجنا شروع کر دیں جس کے بعد علی ظفر نے ایک اور ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے مداحوں سے کہا کہ آپ لوگ جو پرفارمنسز بھیج رہے ہیں، اس کے لیے ایک پپی ادھر، ایک پپی ادھر، ای میلز کے ذریعے جو ڈانس آپ سب نے بھیجا اور ٹیلنٹ دکھایا اس کے کیا ہی کہنے۔


متعلقہ خبریں