لاہور قلندرز کو بڑا دھچکہ، حارث رؤف انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر


راولپنڈی: لاہور قلندرز کو اپنے تیسرے میچ سے قبل ہی بڑا دھچکہ لگا ہے، تیز گیند باز حارث رؤف دائیں پاؤں میں انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حارث رؤف پی ایس ایل 2020 کے آئندہ 2 سے 3 میچوں کے لیے لاہور قلندرز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

ان کی جگہ سلمان ارشاد کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جس کی منظوری ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے دے دی ہے۔

مزید پڑھیں: بگ بیش لیگ، حارث رؤف ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل

کمیٹی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان، بازید خان،مرینہ اقبال، سمیر کھوسہ اور ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق حارث رؤف اپنے دائیں پاؤں کی ایڑھی میں درد محسوس کررہے ہیں تاہم ان کے ایم آرآئی اور سٹی اسکین میں کسی قسم کے فریکچر کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے حارث رؤف کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔

واضح رہے سلور کٹیگری میں شامل سلمان ارشاد اس سے قبل پی ایس ایل 2018 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں