وزیراعظم کی بجلی چوروں، منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

حکومت غریب افراد کو راشن فراہم کرے گی، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بڑے بجلی چوروں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس کے دوران کم آمدنی والے اور کمزور طبقوں کو ریلیف کی فراہمی کے لئے سبسڈی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران احساس پروگرام اور اس کے تحت چلنے والے دیگر پروگرامز کےلیے حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقم، برآمدات میں اضافے اور ریلوے کے شعبے میں فراہم کردہ رقوم کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

مزید پڑھیں: منگل کو اجناس کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کا اعلان کریں گے، وزیراعظم

توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دی جانے والی سبسڈی سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت گندم اور آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کےلیے اربوں روپے فراہم کررہی ہے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں سبسڈی اور مالی امداد کا مقصد کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

مزید جانیں: وزیراعظم کا فری لانسرز کو مراعات دینے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ سبسڈی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ رقم متعلقہ افراد اور متعلقہ مقصد کے لئے فائدہ مند ثابت ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ اداروں میں کرپشن اورانتظامی بدعنوانی کی صورت میں عوام پر بوجھ پڑتا ہے، اس پہلو پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مالی سال کے دوران عوام کو منی بجٹ  سے محفوظ رکھنا حکومت کی اہم کامیابی ہے۔

وزیرِ اعظم نے وزیرِ توانائی کو ہدایت کی کہ بڑے بجلی چوروں کو پکڑنے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کو چوری، سسٹم کی کوتاہیوں اور استحصال سے بچایا جا سکے۔


متعلقہ خبریں