ٹرین مسافر کوچ سے ٹکرا گئی، 20 افراد ہلاک، 8 سے زائد زخمی


سکھر:  روہڑی کے قریب پاکستان ایکسپریس ٹرین مسافر کوچ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق  اور 8 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ایکسپریس کراچی سے راولپنڈی جارہی تھی۔ کندھرا پھاٹک کھلا ہونے کے دوران مسافر کوچ نے ریلوے کراسنگ عبور کرنے کی کوشش کی اور ٹرین کی زد میں آگئی۔

ذرائع کے حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینسز جائے وقوعہ کی طرف روانہ کردی گئی ہیں۔ زخمیوں کو سکھر اور روہڑی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی جلد بازی کے باعث پیش آیا۔ مسافر کوچ کراچی سے سرگودھا جارہی تھی

واضع رہے کہ گزشتہ سال اگست میں  قومی اسمبلی (ایوان زیریں) کو وزارت پاکستان ریلوے کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اگست 2018 سے لے کر جون 2019 تک کے درمیانی عرصے میں 74 حادثات پیش آئے۔ یہ دورانیہ کل گیارہ ماہ کا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق وزارت ریلوے کی جانب سے تحریری طور پر ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کو بتایا گیا تھا کہ گیارہ ماہ کے دوران 20 مال بردار گاڑیاں پٹڑی سے اتریں، عملے کے بغیر موجود ریلوے پھاٹکوں کے باعث 20 حادثات پیش آئے اور 19 مسافر بردار گاڑیاں پٹڑی سے اترنے کی وجہ سے حادثات کا شکار ہوئیں۔

مزید پڑھیں: جس دن ضمیر پر بوجھ ہوا، خود ہی مستعفی ہوجاؤں گا، شیخ رشید

قومی اسمبلی کو وزارت پاکستان ریلوے کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ ریل گاڑیوں میں آتشزدگی کے بھی تین واقعات وقوع پذیر ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں لاہور سے کراچی جانے والی جناح ایکسپریس  کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے باعث ٹرین کی بوگی پٹری سے اترگئی۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ حادثہ پٹری ٹوٹنے کے باعث ڈی ایس آفس کے پاس پیش آیا۔

مزید پڑھیں: اکبر ایکسپریس حادثہ : ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور ذمہ دار قرار

خیال رہے کہ گزشتہ سال ٹرین کے متعدد واقعات رونما ہوئے تھے جن میں سے کچھ جان لیوا بھی ثابت ہوئے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں تیزگام ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں