ملائیشیا کے نئے وزیراعظم کا اعلان ہوگیا

ملائیشیا کے نئے وزیراعظم کا اعلان ہوگیا

فائل فوٹو


کوالالمپور: ملائیشیا کے بادشاہ نے ملک کے اگلے وزیراعظم کیلئے محی الدین یاسین کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔

اپنے اعلان میں بادشاہ نے کہا کہ ملائیشیا کا وزیراعظم بننے کے لئے محی الدین یاسین کو اکثریت کی حمایت حاصل رہی اور وہ یکم مارچ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

ماضی میں وزیر داخلہ رہنے والے 72 سالہ محی الدین یاسین کو سابق حکمراں جماعت کی حمایت بھی حاصل تھی۔

مہاتیرمحمد کی جماعت نے بھی گزشتہ روز اچانک اعلان کیا کہ وہ وزیراعظم کیلئے محی الدین یاسین کی حمایت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے استعفیٰ دے دیا

محی الدین یاسین کو اپوزیشن نیشنل فرنٹ اتحاد اور ملائیشین اسلامی پارٹی کی حمایت بھی حاصل تھی۔ مذکورہ دونوں جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کی مجموعی تعداد57 ہے اور سب نے محی الدین یاسین کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

خیال رہے کہ موجودہ حکمراں اتحاد نے 2018 میں جب حکومت سنبھالی تو یہ طے پایا تھا کہ مہاتیر محمد وزیراعظم کا عہدہ72 سالہ انوار ابراہیم کو سونپیں گے لیکن جب مہاتیر نے عہدہ چھوڑا تو ملائیشیا کے بادشاہ نے رائے شماری کرانے کا اعلان کر دیا۔

رائے شماری کا اعلان ہوتے ہی انوار ابراہیم نے مہاتیر محمد کی حمایت کا اعلان کیا جس کے بعد سابق وزیراعظم نے کہا’ اب مجھے اعتماد ہے کہ کثرت رائے سے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوجاؤں گا‘۔

ماضی میں ایک دوسرے پر معاشی اور اخلاقی بدعنوانی کا الزام لگانے والے انوارابراہیم اور مہاتیر محمد نے سابق حکومت کیخلاف اتحاد بنایا اور اسے شکست دی تھی۔

ملائیشیا کے گزشتہ عام انتخابات میں مہاتیرمحمد اور ان کے اتحادیوں نے برسراقتدار پارٹی کو شکست دی تھی۔

ملائشین الیکشن کمیشن کے مطابق جیت کے لیے 112 نشستیں درکار تھیں جب کہ مہاتیر محمد اور اتحادی جماعتیں 115نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔


متعلقہ خبریں