پاکستان میں مزید دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں مزید دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا ایک کیس سندھ اور ایک فاٹا میں سامنے آیا ہے۔

ڈاکٹر  ظفر مرزا نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس کے پہلے والے دو مریضوں میں سے ایک تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔ کسی مریض کا نام میڈیا پر لانا اخلاق کے دائرے میں نہیں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران سے متصل تافتان بارڈر پر ہمسایہ ملک سے واپس آنے والے زائرین کا داخلہ شروع ہوگیا ہے، تاہم ایران کے ساتھ فضائی رابطے معطل ہیں۔۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھنے کی صورت میں کچھ اسپتال مریضوں کے لیے مختص کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: چین میں کورونا وائرس سے مزید 52 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ منہ پر پہننے والے ماسک کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں فیس ماسک ہر کسی کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضع رہے کہ اس سے قبل محکمہ صحت کے حکام نے پاکستان میں دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی تھی۔

چند روز قبل کراچی میں کورونا کا کیس سامنے آگیا تھا۔ محکمہ صحت سندھ نے کراچی کے رہائشی 22 سالہ یحییٰ جعفری میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئےکراچی کے رہائشی 22 سالہ یحییٰ جعفری میں کورونا وائرس پائے جانے کی تصدیق کردی تھی۔

مزید پڑھیں: کورونا کے حوالے سے ہونے والی کوتاہیوں کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ظفرمرزا

انہوں نے کہا تھا کہ کہ مشتبہ شخص، جو کہ ایران سے 20 فروری کو بذریعہ جہاز ایران سے کراچی آیا تھا، کو فیملی کے دیگر ممبران کے ہمراہ کراچی کے آغاخان اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مشتبہ شخص اور دیگر خاندان کے افراد کو آغاخان اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

میران یوسف نے کہا تھا کہ صوبائی حکومت اور کراچی کے مختلف اسپتالوں میں کورونا وائرس کے علاج کی سہولیات اور ادویات موجود ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا یہ دوسرا کیس ہے جس کی حکومتی سطع پر تصدیق کی گئی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ  یحییٰ جعفری بغیر اسکریننگ کے کراچی ائیر پورٹ سے باہر آیا تھا۔ مشتبہ شخص اور اس کے دیگر اہل خانہ کے افراد کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔


متعلقہ خبریں