سی پیک ناکام بنانے کیلئے نواز شریف کو نااہل کرنا ضروری تھا، مولانا فضل الرحمان

حکومت 5 دن میں گرے یا 5 سال میں، جدوجہد جاری رہے گی: فضل الرحمان

۔—فائل فوٹو۔


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو ناکام بنانے کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل کرنا ضروری تھا۔

اسلام آباد میں تحفظ آئین پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) آصف علی زرداری سمیت سیاستداتوں کو سزائیں اسی مقصد کے لئے دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان گیس پائپ لائن کے معاہدوں سے آپ کس کے کہنے پر پیچھے ہٹے؟

مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کا حکومت کے خاتمے کیلئے تحریک چلانے کا اعلان

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی قوت گر گئی ہے، ماضی میں معیشت مضبوط ہونے پر واجپائی نے پاکستان آ کر تجارت کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس بھارت کے مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے کی صلاحیت ختم ہو چکی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر آرٹیکل 6 لاگو کرنے کی بات کی جاتی ہے اس پر بات کرتے ہوئے بھی شرم آتی ہے، جو شخص اپنی جان ہتھیلی پر لئے گھوم رہا ہے تم اسے ڈراتے ہو۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے لوگ ملک سے باہر جارہے ہیں جبکہ سرمایہ کار کا سرمایہ غیر محفوظ ہوگیا ہے۔

یہ بھی جانیں: مولانا فضل الرحمان نے’پلان بی‘ میں تبدیلی کا اعلان کردیا

انہوں نے کہا کہ ملک میں کارخانے بند ہورہے ہیں اور مہنگائی عروج پر جارہی ہے، نااہلوں نے شرح نمو دو فیصد دکھائی جو جھوٹ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کی نسبت گندم میں 30 فیصد اور چاول کی پیدوار میں 40 فیصد کمی آئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک پر ملکی مفادات کا قتل کرنے والے لوگ مسلط ہیں، حکومت نے سی پیک کو عملاً سرد خانے میں ڈال دیا ہے اور جو حال بی آر ٹی کا کیا وہی سی پیک کا کر رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت کوئی حکومت نہیں ہے، کوئی سفارتی آداب ہیں نا جمہوری اقدار ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جیسے امریکہ کو ٹرمپ نصیب، انڈیا کو مودی ویسے ہمیں عمران خان ملا ہے۔


متعلقہ خبریں