علی ظفر نے پی ایس ایل کا نیا گانا ریلیز کر دیا


اسلام آباد: معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے اپنا نیا گانا ’ میلا لوٹ لیا‘ ریلیز کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’ بھائی نے اپنا وعدہ پورا کیا، صرف اپنے فینز کے لئے، لاؤڈ کر کے بجا دو اور میلہ لوٹ لو۔‘

یاد رہے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا آفیشل گانا ’تیار ہو‘ عوام کو ایک آنکھ نہیں بھایا تھا جس پر نہ صرف شدید تنقید کی گئی تھی بلکہ عوام نے کھل کر اس گانے کے لیے ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 5 کیلئے گانا علی ظفر بنائیں گے اور ویڈیو مداح

گانے کے لیے ناپسندیدگی کے اظہار کے ساتھ ہی عوام نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی س بی) سے مطالبہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کے آفیشل گانے کے لیے علی ظفر کی خدمات حاصل کی جائیں۔

پی سی بی نے تو اس ضمن میں کوئی قدم نہیں اٹھایا تاہم علی ظفر نے ذاتی طور پر پی ایس ایل کا نغمہ بنانے کا بیڑا اٹھایا، گلوکار نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی تھی کہ ’بھائی آ رہا ہے‘۔

علی ظفر نے گانے کی ویڈیو بنانے کے لیے اپنے مداحوں کو دعوت دی اور کہا کہ عوام ڈانس کرکے اپنی ویڈیو ریکارڈ کریں اور انہیں بھیجیں۔

معرف گلوکار کے اس پیغام کے بعد ان کے مداحوں نے انہیں دھڑا دھڑا ویڈیوز بھیجنا شروع کر دیں جس کے بعد علی ظفر نے ایک اور ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے مداحوں سے کہا کہ آپ لوگ جو پرفارمنسز بھیج رہے ہیں، اس کے لیے ایک پپی ادھر، ایک پپی ادھر، ای میلز کے ذریعے جو ڈانس آپ سب نے بھیجا اور ٹیلنٹ دکھایا اس کے کیا ہی کہنے۔

علی نے اس پیغام میں اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ انفرادی کی بجائے گروپ کی شکل میں ویڈیو بنا کر بھیجیں، مثال کے طور پر آپ لوگ اگر اسکول، کالجز یا یونیورسٹیز میں میری بھیجی ہوئی بھنگڑا بیٹ پر مل کر ڈانس کریں اور ویڈیو بھیجیں تو زیادہ  مزا آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر پی ایس ایل کے نغمے کے حق میں بول اٹھے

علی ظفر نے ویڈیو میں یہ بھی بتایا کہ وہ اس مقصد کے لیے اپنے کالج بھی جارہے ہیں جہاں سب مل کر ڈانس کریں گے۔

شائقین کرکٹ اور میوزک ٹوئٹر پر ’بھائی حاضر ہے‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ بہت سی ویڈیوز بھیج کر اپنی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں