سانحہ چکرا گوٹھ کا مرکزی ملزم رئیس مما گرفتار، کراچی منتقل


کراچی: دہشت گردی کے کئی مقدمات میں مطلوب ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج رئیس مما کو ملائیشیا سے گرفتاری کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی پولیس نے ملزم سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ کورنگی انویسٹی گیشن پولیس نے رئیس مما کے خلاف درج مقدمات کی فہرست مرتب کرنا شروع کردی ہے۔ اب تک مختلف تھانوں میں درج 12 مقدمات کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، تھانہ کورنگی کے چار اور زمان ٹاؤن کے آٹھ مقدمات شامل ہیں۔

کورنگی پولیس کی جانب سے مرتب کی گئی فہرست میں درج مقدموں میں سات قتل کے ہیں۔

ملزم رئیس مما چکرا گوٹھ میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم ہے۔ انٹرپول کے ذریعے گرفتار کروانے کی غرض سے ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کئے گئے تھے۔

ایس ایس پی کورنگی انویسٹی گیشن ذوالفقار مہر کے مطابق رئیس مما ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی کا فرنٹ مین تھا۔ رئیس مما نے حماد صدیقی کے کہنے پر چکرا گوٹھ میں پولیس وین پر فائرنگ کی تھی۔ جس میں نو پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ لیاری گینگ وارعزیر بلوچ گروپ کے کمانڈر ملا راجو سمیت درجن سے زائد ساتھیوں کو بھی قتل کیا ہے۔ حماد صدیقی کے کہنے پر ایم کیو ایم حقیقی کے بھی کئی کارکنان کو موت کےگھاٹ اتارا ہے۔

ملزم کورنگی مہران ٹاؤن میں چائنا کٹنگ میں ملوث ہے، زمینوں پر قبضے میں مزاحمت کرنے پر پولیس افسران سمیت دیگرجماعتوں کے کارکنوں کو بھی قتل کیا ہے۔

رئیس مما پر الزام ہے کہ ملزم نے کورنگی میں اوورسیز پاکستانیوں کے کروڑوں روپے مالیت کے پلاٹ کوڑیوں کے مول فروخت کیے۔ ملزم سانحہ چکرا گوٹھ کے بعد بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزم کو سیاسی شخصیات کی سرپرستی حاصل رہی ہے، وہ اب بھی دیگر جرائم پیشہ افراد سے رابطے میں ہے۔

سانحہ چکرا گوٹھ

سال 2010 میں چکرا گوٹھ میں رئیس مما کی سربراہی میں ملزمان کی پولیس بس پر فائرنگ سے نو پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

سانحہ چکرا گوٹھ میں کامران مادھوری اور سہیل عرف کمانڈر سمیت دس سے زائد ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔

گرفتار ملزم کاشف عرف کاشان نے دوران تفتیش انکشاف کیا تھا کہ سانحہ چکرا گوٹھ کی منصوبہ بندی سیکٹر انچارج رئیس مما نے کی تھی۔ دیگر گرفتارملزمان کی جانب سے بھی رئیس مما کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا تھا۔

ایم کیو ایم کے اہم مرکزی رہنما حماد صدیقی کے منظرعام سے غائب ہونے کے بعد سے رئیس مما مفرور تھا۔


متعلقہ خبریں