سونے کی فی تولہ قیمت میں 700 روپے اضافہ

فائل فوٹو


کراچی: کاروباری ہفتے کے پہلے  روز صرافہ بازار میں سونے کی فی تولہ قیمت میں700 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

صدر سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق سونا 700 روپے اضافے سے 92300 روپے فی تولہ ہوگیا ہے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 600 روپے اضافے کیساتھ 79132 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے جب صرافہ مارکیٹ بند ہوئی تو فی تولہ سونے کی قیمت میں 2150 روپے کم ہو کر 91 ہزار600 روپے رہ گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں مزید کمی

آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ ہفتے کے اختتام پر دس گرام سو نے کی قیمت میں 78 ہزار 532 روپے تھی جس میں آج 600 کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے سبب کاروباری افراد محفوظ سرمایہ کاری کیلئے سونے کا انتخاب کر رہے تھے جس کے سبب اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 18 ڈالر کمی ہوئی تھی اور عالمی بازار میں سونا فی اونس 1627 ڈالر کی سطح پر آگیا تھا۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے کا اثر پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی نظر آیا اور جمعے کے روز مقامی بازاروں میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتیں کم ہوئی تھیں۔

قیمتوں میں کمی کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاہور، فیصل آباد، ملتان، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمتیں گر گئی تھیں۔


متعلقہ خبریں