وزیراعظم کی گورنر سندھ، پیرپگارا سے ملاقات


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی ہے جس کے دوران انہوں نے دورہ کراچی کی دعوت قبول کرلی۔

گورنر سندھ نے وزیراعظم کو صوبے میں وفاقی حکومت کی جانب سے عوامی فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

انہوں نے وزیراعظم کو منصوبوں کے افتتاح کے لیے دورہ کراچی کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم اور پیرپگارا کی ملاقات میں سندھ کے سیاسی امور اور عوام کو درپیش مسائل کے حل سے متعلق بات چیت ہوئی۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم نے اربوں روپے کے”نیو بلیو ایریا” منصوبے کا آغاز کر دیا

پیر پگارا نے سندھ کے عوام کی فلاح وبہبود اور صوبہ کی مجموعی ترقی میں دلچسپی دکھانے اور وفاق کی جانب سے اقدامات کی تعریف کی۔

انہوں نے سندھ میں احساس پروگرام کے تحت کفالت پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع کی درخواست بھی کی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پیر صدرالدین شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

گزشتہ روز شہر قائد میں زیر تعمیر چوتھے سگنل فری کوریڈور کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور اتحادیوں نے دورہ کیا۔

عمران اسماعیل، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور میئر کراچی اور منتخب نمائندے کوسٹر میں بیٹھ کر سخی حسن پہنچ گئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے تجارتی خسارے میں نمایاں کمی

گورنر سندھ نے اس موقع پر اراکین کو بریفننگ دی کہ میٹرک بورڈ آفس، کے ڈی اے چورنگی اور سخی حسن پر فلائی اوور کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔

بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ سخی حسن فلائی اوور کے نیچے سڑکوں کی کارپیٹنگ کا کام شروع کردیا گیا ہے اور منصوبے کا تعمیراتی کام 15 مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ سگنل فری کوریڈور کی تعمیر کے لئے وفاق نے تین ارب 25 کروڑ کی رقم دی۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ سگنل فری کوریڈور کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کریں۔

اس موقع پر ایس آئی ڈی سی ایل حکام نے بریفننگ دی کہ سخی حسن فلائی اوور کو ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ فائیو اسٹار اور کے ڈی اے چورنگی کے فلائی اوور دس مارچ تک ٹریفک کے لئے کھول دئیے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور برساتی نالوں کی منتقلی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں