کراچی: پی پی رہنما لطیف کھوسہ کے گھر پہ دھاوا، نبیل گبول کے خلاف ایف آئی آر درج

کراچی: پی پی رہنما لطیف کھوسہ کے گھر پہ دھاوا، نبیل گبول کے خلاف ایف آئی آر درج

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق رکن اسمبلی نبیل گبول اور ان کے ساتھیوں کے خلاف گھر پہ حملہ کرنے ، فائرنگ و توڑ پھوڑ کرنے اور چیئرمین فشریز کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزامات پر مبنی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

ہمارے رہنماؤں کیخلاف کی گئی باتوں کو نہیں بھول سکتے، نبیل گبول

ہم نیوز کے مطابق سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نبیل گبول کے خلاف ایف آئی آر تھانہ ڈیفنس میں چیئرمین فشریز حافظ عبدالبر کے محافظ غلام شبیر کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔

درج ایف آئی آر میں مدعی نے مؤقف اپنایا ہے کہ نبیل گبول نے ساتھی فیروز علی گابا ودیگر کے ہمراہ گذشتہ شب ڈیفنس فیز ٹو کے بنگلے پر دھاوا بولا، چیئر مین فشریز کا پوچھا اور کہا کہ آج اسے جان سے مار دیں گے۔

مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ نبیل گبول نے مجھ سے میرا اسلحہ چھینا جب کہ اس کے ساتھی فیروز علی گابا نے تھپڑ مارے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ نبیل گبول نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بنگلے میں داخل ہو کر فائرنگ وتوڑ پھوڑ بھی کی۔

مدعی نے اپنے مؤقف کی حمایت میں نبیل گبول کے بمعہ دیگر ساتھیوں کے بنگلے میں داخل ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی پولیس کو پیش کی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق اس ضمن میں جب چیئرمین فشریز سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ نبیل گبول سے دو روز قبل فون کال پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نبیل گبول محکمے میں غیر قانونی کام کرانے کے لیے دباؤ ڈالتا ہے۔

حافظ عبدالبر نے کہا کہ نبیل گبول نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جس بنگلے پر میری تلاش میں حملہ کیا وہ سرادر لطیف کھوسہ کا دفتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اکثر شام کے اوقات میں وہیں ہوتے ہیں۔

شہباز اور اعتزاز کا کوئی موازنہ نہیں ہے، لطیف کھوسہ

چیئرمین فشریز حافظ عبدالبر نے کہا کہ وہ نبیل گبول اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے کیے جانے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس وقت بیرون ملک موجود ہیں لیکن وطن واپسی پر اس سلسلے میں پارٹی قیادت سے ضرور بات چیت کریں گے۔

ہم نیوز نے اس سلسلے میں جب پی پی رہنما نبیل گبول سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ فائرنگ کرنے کا الزام بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں فوٹیج میں فائرنگ کرتے ہوئے بھی نہیں دکھ رہا ہوں۔

ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ لیاری کے لوگ چیئرمین فشریزکے خلاف کرپشن کی شکایات کررہےتھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی وجہ سے میری ان سے فون پر تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ وہ سردارلطیف کھوسہ کوچئیرمین فشریزکی شکایت کرنے گئے تھے۔

ہم نیوز نے جب ان سے استفسار کیا کہ آپ نے اپنی گاڑی دروازے پہ کیوں ماری؟ تو انہوں نے کہا کہ گاڑی اس لیے ماری کہ سب سو رہے تھے اور کوئی دروازے پر نہیں آیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے تو گارڈ سے کہا کہ تمھاری گن ٹوٹی ہوئی ہے اسے ٹھیک کراؤ۔

پی پی رہنما نے کہا کہ وہ جس گھر میں گئے تھے وہ تو سردار لطیف کھوسہ کا ہے اور چیئرمین فشریز کا نہیں ہے۔ ان کا استدلال تھا کہ اگر حملہ ہی کرنا ہوتا تو وہ اپنا گارڈ اور دیگر لوگوں کو ساتھ لے کر کیوں جاتے؟

اس سوال کے جواب میں کہ آپ کی تو سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آگئی ہیں تو انہوں نے کہا کہ میں مزید کچھ نہیں کہوں گا ابھی وکلا سے مشاورت جاری ہے۔

حکومتی ارکان نیب زادے اور ہم نیب زدہ ہو گئے، سردار لطیف کھوسہ

سردار لطیف کھوسہ سابق گورنر پنجاب اور ممتاز وکیل ہیں۔ پی پی میں وہ سینئر رہنما کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتے ہیں۔ انہیں سابق صدر آصف علی زرداری کا انتہائی قابل اعتماد وکیل گردانا جاتا ہے۔

چیئرمین فشریز حافظ عبدالبر کو سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کا نہایت قریبی عزیز بتایا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں