’ حکومت کو گرانا ہو تو گندم اور چینی کی قیمتوں کو بڑھا دیا جاتا ہے‘


اسلام آباد: ماہر معیشت ڈاکٹر اشفاق حسن نے کہا ہے کہ اگر کسی حکومت کو گرانا ہو تو گندم اور چینی کی قیمتوں کو بڑھا دیا جاتا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ ایجنڈا پاکستان ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت 24 فیصد تک تیل کی قیمتیں  کم کر سکتی تھی تاہم 5 سے 6 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تیل کی قیمتیں کورونا وائرس کے باعث مانگ میں کمی کی وجہ سے کم ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے ملکی معیشت کو درپیش چیلنجوں پر قابو پالیا ہے، وزیراعظم

ڈاکٹر اشفاق حسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام کے ہاتھ میں چاند کا ٹکڑا بھی رکھ دیں تو وہ اس میں بھی مسائل نکال لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے اثرات بہت سے ممالک پر پڑے ہیں، پاکستان چین سے بڑے پیمانے میں خام چیزیں درآمد کرتا ہے اور موجود صورتحال کے باعث کسی بھی چیز کی دستاویزات تیار نہیں کئے جا رہے جس سے سپلائی چین میں بہت مسائل آ سکتے ہیں۔

ملکی برآمدات میں اضافے کےحوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے شرح سود میں کمی کی جائے اور اس سے ملنے والا پیسہ ترقیاتی منصوبوں پر لگایا جائے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اور دیگر امور کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے تاہم اس کا فائدہ عوام کو نہیں دیا گیا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ ایجنڈا پاکستان ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی صورتحال کی وجہ سے حکومت کے ریونیو میں بہت بہتری آئی گی۔

افراط زر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورمیں بہت سبسڈی دی ہے تاہم اس کا فائدہ محض ایک فیصد ہوا جس سے افراط زر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں