نیب اور زین ملک کے درمیان پلی بارگین کا عمل شروع 

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کی جانب سے احتساب عدالت کو بتایا گیا ہے کہ زین ملک کے ساتھ پلی بارگین کا عمل شروع ہے اور مختلف کیسز میں واجبات کی ادائیگی کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام’بڑی بات‘ میں ایک روز قبل ہی انکشاف کیا گیا تھا کہ نیب زین ملک کے ساتھ پلی بارگین کر رہا ہے۔

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور زین ملک کیخلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی ہے جس میں نیب پراسیکیوٹر،  لطیف کھوسہ اور فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے۔

سابق صدر آصف زرداری علالت کے باعث احتساب عدالت پیش نہیں ہوئے اور ان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی جس کو منظور کر لیا گیا۔

وکیل نیب نے بتایا کہ زین ملک کی جانب سے پلی بارگین کی درخواست دی تھی جس پر مختلف کیسز میں واجبات کی ادائیگی کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے اور نیب ہیڈ کوارٹر جلد پراسس شروع کر دے گا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ خواجہ انورمجید کا کیا بنا؟ نیب کے وکیل نے بتایا کہ 2 ملین کے اخراجات کی درخواست موصول ہوئی ہے اور ملزم گرفتار ہے تاہم ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کی جائے۔

پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ویڈیو لنک کے لیے جیل حکام سمیت متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں۔ جج نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے تحریری درخواست دے دیں۔

عدالت نے ویڈیو لنک پر بیان قلمبند کرنے لیے آج ہی تحریری درخواست جمع کروانے کی ہدایت کی۔

احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں  25 مارچ کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں