بھارتی وزیر اعظم نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کر دیا

بھارتی وزیر اعظم نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کر دیا

فوٹو: فائل


نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزیرا عظم نے ٹوئٹر سمیت سوشل میڈیا کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا جہاں ان کے 5 کروڑ 30 لاکھ فالورز ہیں جبکہ فیس بک پر انہیں 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد فالو کرتے ہیں۔ انسٹا گرام پر بھی ان کے فالورز کی تعداد 3 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہیں۔

فوری طور پر مودی کی سوشل میڈیا کو چھوڑنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی تاہم ان کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جی پی) کو مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی وجہ سے سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں  ’بھارت مسلمانوں پر ظلم وستم ڈھانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے‘

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر مودی نے لکھا کہ ’’اس اتوار سے سوچ رہا ہوں کہ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور یوٹیوب  پر اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دوں۔ آپ کو اس بارے میں آگاہ کروں گا‘‘

بھارتی وزیر اعظم مودی کے سیاسی حریفوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے پیروکاروں کو بھی سوشل میڈیا ترک کرنے کو کہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ وزیر اعظم یہ آپ کے پرستار اور پارٹی کارکنان ہی ہیں جو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جھوٹ بولتے ہیں اور نسل کشی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم کے ٹوئٹ کے بعد تبصروں اور قیاس آرائیوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کچھ صارفین نے بھارتی وزیر اعظم کو مشورے دیے تو کچھ نے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں مودی سرکار کا چہرہ ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا، وزیر داخلہ


متعلقہ خبریں