فیصل واوڈا کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر دلائل طلب

فائل فوٹو


لاہور کی سیشن عدالت نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر  درخواست گزار کے وکلاء سے دلائل طلب کر لیے ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ ہنجرا نے مقامی وکیل رانا نعمان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی اور ایڈووکیٹ مدثر چوہدری درخواست گزار کی جانب سے بطور کونسل پیش ہوئے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا کہ فیصل واوڈا نے ٹاک شو میں بوٹ دکھا کر قومی سلامتی کے اداروں کی تضیک کی اور ان کا یہ عمل اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فوجی بوٹ شو میں لانے پر فیصل واوڈا کیخلاف مقدمہ بنتا ہے تو بنائیں، عدالت

عدالت کو بتایا گیا کہ پرانی انار کلی میں ملکی سالمیت اور اداروں کو بدنام کرنے کے متعلق ایف آئی آر کی درخواست دی گئی لیکن ایس ایچ اے نے مقدمہ درج نہیں کیا۔

وکیل رانا نعمان نے درخواست میں استدعا کی کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے سماعت مزید کاروائی کے لیے 25 مارچ تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر درخواستگزار کے وکلا سے دلائل طلب کر لیے ہیں۔

خیال رہے کہ قبل ازیں کراچی کی سیشن عدالت نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے دائر درخواست پر میٹھادر تھانے کو حکم دے رکھا ہے کہ فوجی بوٹ ٹی وی شو میں لانے پر پی ٹی آئی رہنما کیخلاف مقدمہ بنتا ہے تو ایف آئی آر درج کی جائے۔

 


متعلقہ خبریں