ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی کی رکنیت بحال


اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے حلقے پی پی 241 بہاولنگر سے رکن پنجاب اسمبلی کاشف محمود چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر کاشف محمود کی رکنیت کا نوٹیفکیشن بحال کیا۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کردیا

کاشف محمود کو الیکشن ٹربیونل نے نااہل کیا تھا۔

کاشف چوہدری پی پی 241 سے ن لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ان پر بی بی اے کی جعلی ڈگری الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا الزام تھا۔

درخواست گزار عبدالغفار نے کاشف چوہدری کو 62 ون ایف کے تحت نااہل کرنے کی استدعا کی تھی۔

ن لیگی رہنما اور نااہلی

گزشتہ سال سمبر میں ن لیگ سے ہی تعلق رکھنے والے وزیر کھیل آزاد کشمیر چوہدری محمد سعید کو نااہل قرار دیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے اپنے فیصلے میں چوہدری محمد سعید کو پانچ سال کے لیے نااہل قرار دیا۔

مزید جانیں: وزیر کھیل آزاد کشمیر پانچ سال کیلئے نااہل قرار

وزیر کھیل کے خلاف سرکاری رقبے پر ناجائز تجاوزات اور توہین عدالت کیس تھا۔

اکتوبر 2018 میں پاکستان کی سپریم کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے دو سینیٹرز کو نا اہل قرار دیا تھا۔

نااہل قرار دیے جانے والے سینیٹرز میں سعدیہ عباسی اور ہارون اختر شامل تھے۔ دونوں سینیٹرز کے پاس دوہری شہریت تھی جس کی بنا پر ان کو نااہل قرار دیا گیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا تھا کہ دونوں نشستوں پر دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔

جولائی 2018 میں ن لیگ کے اس وقت کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال قید بامشقت سنائی گئی تھی۔

اسی ریفرنس میں نواز شریف کی صاحب زادی اور ن لیگ کی موجودہ نائب صدر مریم نواز کو سات سال کی سزا سنائی گئی تھی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف پر 80 لاکھ پاؤنڈ (ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد) اور مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈ (30 کروڑ روپے سے زائد) جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔


متعلقہ خبریں