’عمران خان نے خود نواز شریف کو باہر بھیجا تھا اب منافقت کی جا رہی ہے‘



لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان کو بدعنوانی ختم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، نواز شریف کو انہوں نے خود ہی این آر او دے کر باہر بھیجا تھا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت نواز شریف حکومت میں نہیں ہیں لہذا ن لیگ کی مخالفت کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ہم تمام اتحادیوں کےساتھ مل کرکام کرناچاہیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اس وقت معیشت کا ایک ہی مقصد رکھا ہے اور وہ یہ ہے کہ آئی ایم ایف کو پیسہ کیسے واپس کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود نواز شریف کو باہر بھیجا تھا اب منافقت کی جا رہی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ انہیں بدعنوانی ختم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

بلاول نے کہا کہ ہر پاکستانی کا مسئلہ معیشت ہے، پیپلز پارٹی اس پی ٹی آئی ایم ایف معاہدے کو بے نقاب کرنے کے لیے کوشش کرتی رہے گی۔

مزید پڑھیں: ملک امپائر کی نہیں عوام کی مرضی سے چلتے ہیں، بلاول

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ کیا گیا معاہدہ پھاڑ دے اور دوبارہ ان سے مذاکرات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا معاہدہ کیا جائے جو عوام دوست ہو اور ہماری خود مختاری اس سے متاثر نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سول سوسائٹی سے مل کر کام کیا ہے اور میری کوشش ہے اس رشتے کو دوبارہ جوڑ کر مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کریں۔

یہ بھی پڑھیں: نئے الیکشن، ان ہاؤس تبدیلی کیلئے تمام آپشن اختیار کرنے کو تیار ہیں،بلاول بھٹو

 

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو چھ ماہ تک غیرقانونی طور قید میں رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت پر بہت برا اثر پڑا ہے تاہم ان کا علاج جاری ہے اور وہ جلد صحت یاب ہو کر ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حادثاتی چیئرمین کی طرح ان کا تقریر نویس بھی حالات سے یکسر بے خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرچی والے چیئرمین ابو بچاؤ مہم سے فرصت پائیں تو زمینی حقائق پر نگاہ دوڑانے کا وقت ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج میڈیا ایک جانب مہنگائی میں نمایاں کمی تو دوسری جانب بلاول کے حواریوں کی بے نامی جائیدادوں کے پکڑے جانے کی خبر دے رہا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ پرچی والے چیئرمین میڈیا کو اس سندھ کے دورے کی دعوت دے رہے ہیں جہاں انکے خاندان کی لوٹ مار دکھانے والے صحافیوں کو موت کے گھاٹ اتارا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قوم کو ٹیکس چوری کی لعنت میں پرچی والے چیئرمین کی جماعت اور ان کے انکل نواز کی جماعت نے مبتلا کیا ہے۔


متعلقہ خبریں