ایم کیو ایم فاروق ستار کے ہاتھ سے نکل گئی،خورشید شاہ


اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اداروں پر تنقید کےحوالےسے ایم کیو ایم اور نواز شریف کا طریقہ کار ایک البتہ کیس الگ الگ ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم فاروق ستار کے ہاتھ سے نکل گئی ہے۔ اداروں کو تباہ و برباد کرنا اور انہیں تنقید کا نشانہ بنانا ملک و ریاست کے لئے اچھا نہیں ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی، حیدرآباد اور سکھر کی عوام کو مایوس کیا ہے۔ مایوسی کی حالت میں عوام ان کے حق میں فیصلہ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا ثابت ہوگیا ہے کہ ایم کیو ایم کے نزدیک عوامی مسائل کی کوئی اہمیت نہیں ہے، عوام کو بھی احساس ہو گیا ہے کہ یہ لوگ اقتدار کے لئے لڑرہے ہیں۔

ایم کیو ایم سے طویل وابستگی رکھنے والے سابق میئر کراچی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاروق ستار نے کہا تھا کہ وہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ تسلیم کریں گے۔ فاروق ستار نے یہ بھی کہا تھا کہ کوئی ایسا معاملہ آیا تو وہ عوام اور سیاست کو مایوس نہیں کریں گے لیکن اب الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالا قانون قرار دینا مایوس کن ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے دیہی اور شہری عوام میں دوریاں پیدا کی ہیں۔


متعلقہ خبریں