کبڈی ٹیم کرکٹ کی دلدادہ نکلی: عرفان مانا کی لاہور قلندر سے امید

کبڈی ٹیم کرکٹ کی دلدادہ نکلی: عرفان مانا کی لاہور قلندر سے امید

لاہور: روایتی حریف بھارت کو کبڈی ورلڈ کپ 2020 میں دھول چٹا کر پہلی مرتبہ چیمپین بننے والی پاکستان کبڈی ٹیم کے کھلاڑی بھی کرکٹ کے دلدادہ نکلے۔ کبڈی ٹیم کے کپتان عرفان مانا اورمشرف جنجوعہ سیکریٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن محمد سرور کے ہمراہ پی ایس ایل سیزن فائیو کو میچ دیکھنے قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کو دیکھ کر ان کے مداحوں کی بڑی تعداد ان کے گرد جمع ہوگئی اور لوگوں نے قومی کھلاڑیوں کے ہمراہ سیلفیاں بنائیں۔

کبڈی ورلڈ کپ 2020 فائنل، پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی

قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل سیزن فائیو ٹوئنٹی ٹوئنٹی کا میچ لاہور قلندر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ شائقین کا جوش و خروش اس لحاظ سے عروج پر ہے کہ غیر معمولی طور پر لاہور قلندر بہت زبردست فارم میں دکھائی دے رہی ہے۔

دلچسپ امر ہے کہ محمد عرفان مانا اور مشرف جنجوعہ دونوں لاہور قلندر کے مداح ہیں۔ ہم نیوز سے بات چیت میں پاکستان کبڈی ٹیم کے کپتان عرفان مانا نے کہا کہ انہیں کرکٹ کا بہت شوق ہے اور وہ خود کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے کرکٹ کھیلتے تھے اور بعد میں کبڈی کی طرف آئے۔

عرفان مانا نے کہا کہ عوام نے بہت پیار دیا ہے اور آج بھی جب اسٹیڈیم آیا تو مداحوں نے تصاویر بنائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود لاہور قلندر کو سپورٹ کررہے ہیں۔

ایک سوال پر پاکستان کبڈی ٹیم کے کپتان نے توقع ظاہر کی کہ آج لاہور قلندر میچ کی فاتح ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمامتر دباؤ کے باوجود کبڈی ورلڈ کپ جیتا ہے۔

عرفان مانا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عوام کی دعاؤں سے ہوم گراونڈ میں ورلڈ کپ جیتنے پر بہت خوشی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ابھی تو کبڈی کو سپورٹ نہیں کررہی ہے تاہم انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ مستقبل میں حکومت ضرور اور بھرپور سپورٹ کرے گی۔

پاکستان کی کبڈی ٹیم نے 16 فروری کو کبڈی ورلڈکپ 2020 کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو پوائنٹس سے شکست دے کر پہلی مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیت امن کا پروانہ ہے، ماہرہ خان

دلچسپ امر ہے کہ کبڈی ٹیم کی فتح کے ساتھ ہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر یہ سلسلہ شروع ہوگیا تھا کہ ماہ فروری بھارت کے لیے اچھا نہیں ہے کیونکہ گزشتہ سال فروری 2019 میں بھارت کی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن نے اپنا جہاز گرا کر پاکستان کی چائے پی تھی اور دنیا سے اپنے ملک اور اپنی فوج کے لیے ہزیمت سمیٹی تھی تو اس مرتبہ کبڈی کی ٹیم نے شکست کا تمغہ سینے پر سجایا تھا۔

یہ امر بھی حیران کن ہی ہو گا کہ 2019 میں پاک فضائیہ نے بھارت کی فضائی افواج کو دھول چٹائی تھی تو اس مرتبہ بھی کبڈی کے میدان میں بھارت کو شکست سے دوچار کرنے والی پاکستان کبڈی ٹیم کے کپتان محمد عرفان مانا کا تعلق بھی پاک فضائیہ سے ہے۔ وہ پاک فضائیہ میں اسسٹنٹ وارنٹ آفیسر ہیں۔


متعلقہ خبریں