کورونا وائرس: چین، امریکہ میں مزید 41 ہلاک، پشاور ایئرپورٹ پر حفاظتی اقدامات سخت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چین میں کورونا وائرس سے مزید 38 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ امریکہ میں بھی مزید 3 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

چین سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں۔ چین میں مزید 38 افراد کی ہلاکت کے بعد چین میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 981 ہو گئی جبکہ مزید 119 کیس افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔

امریکہ کورونا وائرس سے مزید 3 افراد کی ہلاکت کے بعد امریکہ میں ہلاک افراد کی تعداد 9 ہو گئی۔ اسپین میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا 36 سالہ خاتون کو بارسلونا کے اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔ برطانیہ میں مزید 12 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 51 ہو گئی۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 79 تک پہنچ گئی۔ جنوبی کوریا میں بھی ایک شخص ہلاک اور 142 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار 203 ہو گئی۔

وائرس کے باعث امریکہ میں 14 مارچ سے شروع ہونے والی آسیان سمٹ ملتوی کر دی گئی۔ عالمی بینک نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 12 ارب امریکی ڈالر پیکج کا اعلان کر دیا جو کورونا وائرس سے متاثرہ غریب ممالک کو وائرس کے سدباب کے لیے دیا جائے گا۔

برطانیہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سڑکوں پر فوج کی تعیناتی پر غور شروع کر دیا جبکہ تعلیمی ادارے بند اور دفاتر کے بجائے گھروں سے کام کرنے کے منصوبے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس کی ویکسین کیا ہے اور کب تک تیار ہو گی؟

پاکستان کے پڑوسی ملک ایران میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے ایران کے 23 اراکین پارلیمنٹ سمیت 2 ہزار 300 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ایران نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 3 لاکھ فوجیوں کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

پاکستان کے شہر پشاور میں کورونا وائرس کے پیش نظر باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے۔ ائرپورٹ کے لاؤنچ اور ٹرالیوں کو کلورین اور ڈیٹول سے صاف کی گیا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان میں کورونا وائرس کے پانچویں کیس کی تصدیق، اسکردو میں بھی تعلیمی ادارے بند

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق بیرون ممالک سے آنے والی پروازوں کی کلیئرنس کے بعد لاؤنچ اور ٹرالیوں کی صفائی کی جاتی ہے۔ ائر پورٹ عملے کو ماسک اور کورونا وائرس بچاؤ کٹس پہننے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے جبکہ حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کرنے والے عملے کی ائرپورٹ داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں