یونائیٹڈ کے ہاتھوں قلندرز کو 71 رنز سے شکست

یونائیٹڈ کے ہاتھوں قلندرز کو 71 رنز سے شکست

لاہور: پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) فائیو کے 17 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 71 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 199 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 18 ویں اوور کی آخری گیند پر 127 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

قلندرز کا کوئی بھی بلے باز جم کر کریز پر نہ کھڑا ہو سکا اور ایک ایک کرتے لاہور کی تمام وکٹیں گرتی چلی گئیں۔

لاہور کی جانب سے سلمان بٹ 21، ڈنک 25 اور عثمان شنواری 30 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ یونائیٹڈ کی جانب سے ظفر گوہر اور رومان رئیس تین اور شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کی۔

خیال رہے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں رنز کے حساب سے یہ سب سے بڑی شکست ہے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔

یونائیٹڈ کی جانب سے تجربہ کار کیوی بلے باز کولن منرو اوررونچی نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 103 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

کولن منرو اور لیوک رونچی کا بلا رنز اگلتا رہا اور دونوں نے میدان کے چاروں اطراف پر چھکے اور چوکوں کی خوب برسات کی۔

منرو نے 59 گیندوں پر تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے جبکہ  رونچی نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز جوڑے۔

اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ قلندرز کی جانب سے سلمان ارشاد، محمد حفیظ اور محمد فیضان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 5، اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی

پی ایس ایل کے گزشتہ میں قلندرز نے اپنی حریف ٹیم کو37 رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل 2020 میں پہلی بار فتح کا مزہ چکھا۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 210 رنز کا ہدف دیا تاہم مہمان ٹیم 172 رنزہی بنا سکی۔


متعلقہ خبریں