پاکستان میں کورونا وائرس کے کیس چھپانے کی بات غلط ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا


راولپنڈی: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیس چھپانے کی بات غلط ہے، عوان بلا ضرورت خوف میں مبتلا نہ ہوں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے 200 سے زائد مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کر چکے ہیں جبکہ وائرس سے متاثر 5 مریض صحت یابی کی جانب گامزن ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیس چھپانے کی بات غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں کوئی اسکول بند نہیں کر رہے ہیں جبکہ صوبائی حکومتیں کورونا سے متعلق فیصلے کرنے میں خودمختار ہیں اور اس سے بچاؤ کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومتیں مل کر بھی کام کر رہی ہیں تاہم ہم نے بیرون ملک سے آنے والے افراد کی اسکریننگ پر زور دیا ہوا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہمیں ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہیے لیکن سب سے خطرناک یہ ہے کہ عوام بلاضرورت خوف میں مبتلا نہ ہوں کیونکہ پاکستان میں بہت سے لوگوں کو نزلہ زکام ہوتا ہے اور ہر نزلہ زکام کو کورونا وائرس نہیں سمجھنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، عمرہ زائرین کی فیس کی واپسی کیلئے آن لائن سروس کا آغاز

چین میں مقیم پاکستانی طلبا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چینی حکومت کی جانب سے پاکستانی طلبا کو بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں اُن کے حوالے سے کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں ہے تاہم چین یا ایران سے آنے والے 14 دن کے لیے اپنے آپ پر گہری نظر رکھیں۔

کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے کچھ ہدایات دیتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور ہجوم والی جگہ پر جانے سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس: چین، امریکہ میں مزید 41 ہلاک، پشاور ایئرپورٹ پر حفاظتی اقدامات سخت

ڈینگی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے جامع پروگرام لا رہے ہیں اور رواں سال ڈینگی سے نمٹنے کی تیاری بھی کر رہے ہیں۔ اس مرتبہ ڈینگی کو قابو کرنے کی ایک بہتر طریقے سے کوشش کریں گے۔


متعلقہ خبریں