پی ایس ایل میچوں کے کراچی میں انعقاد پر سندھ حکومت آمادہ

پی ایس ایل کا ایونٹ غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کے باعث ملتوی کیا گیا

فوٹو: فائل


کراچی: شہر قائد میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچوں کے انعقاد پر سندھ حکومت نے آمادگی ظاہر کر دی۔

سندھ حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باضابطہ رابطہ کر کے 12 مارچ سے کراچی میں میچز کے انعقاد کے لیے حامی بھر لی۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کا کوئی خوف نہیں ہے اور طبی ماہرین نے بھی وائرس سے متعلق کلیئرنس دے دی ہے۔ پی ایس ایل میچز دیکھنے والے شائقین کی اسکریننگ کی جائے گی جبکہ نیشنل اسٹیڈیم  میں نجی کمپنی کی جانب سے سینیٹائرز مشینیں بھی لگائی جائیں گی۔

ترجمان کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کے 12 داخلی راستوں پر اسکریننگ کے لیے پولیس کے ساتھ طبی عملہ بھی تعینات کیا جائے گا۔

گزشتہ روز پی ایس ایل کے 16 ویں میچ میں لاہور قلندر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 37 رنز سے شکست دے کر پہلا میچ جیت لیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 210 رنز کا ہدف دیا تاہم مہمان ٹیم 172 رنزہی بنا سکی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے میچز 22 مارچ تک جاری رہیں گے جس میں سے 9 میچز کراچی میں کھیلے جانے ہیں۔ پی ایس ایل سیزن فائیو کا آغاز 20 فروری سے ہو چکا ہے جس میں بڑے شہروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان خوش قسمت ہے،فاسٹ باؤلنگ کا ٹیلنٹ موجود ہے: بین کٹنگ

پی ایس ایل کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جس کی انعامی رقم 10 لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔ فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ ڈالر اور رنر اپ ٹیم کو دو لاکھ ڈالر کا انعام ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان میں پی ایس ایل کے انعقاد سے معیشت کو بھی فائدہ ہو گا، احسان مانی

اسی طرح ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو ساڑھے چار ہزار ڈالر ملیں گے جبکہ بہترین پرفارمنس دکھانے والے بولرز، بیٹسمین اور فیلڈرز 80 ہزار ڈالر کے حقدار ٹھیریں گے۔


متعلقہ خبریں