پیپلز پارٹی کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دے گی، بلاول بھٹو


لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہماری جماعت کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونےدے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سلیکٹڈ حکومت میں ملکی اداروں کی نجکاری ہوتی ہے، مشرف دورمیں اس کےخلاف عدلیہ نےمزدروں کا ساتھ  دیا تھا، امید ہے اب بھی ایسا ہی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف ملکی ادارے بیچ نہیں سکا تو کوئی کٹھ پتلی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی مزدوروں کو حق دینے کی بات کرتی ہے تاکہ وہ منافع میں برابر کا حصہ دار ہو اور نقصان کی صورت میں بورڈ میں بیٹھ کر مالکان کے ساتھ بات کر سکے۔

یہ پڑھیں: بلاول بھٹو پنجاب میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، رہنما مسلم لیگ ن

بلاول بھٹو نے کہا کہ گلوبلائزیشن کے نام پر مزدوروں کے حقوق چھینے جا رہے ہیں، ہمیں دیکھنا ہو گا کہ ماڈرنائزیسن، گلوبلائزیشن اور کمپیوٹر کے دور میں مزدور کی نوکری کا تحفظ کیسے ہو گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحریک انصاف اور آئی ایم ایف کے مابین ڈیل کو ہم نہیں مانتے، اسے پھاڑ کر پھینک دیا جائے اور عوام کے حق کے لیے نئے مذاکرات کئے جائیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ اپنے مزدوروں کے درمیان ہوں، پی پی اور مزدوروں کا بہت اہم رشتہ ہے، ان کے لئے اگر کچھ کام ہوا ہے تو وہ ہمارے دور میں ہی ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ سندھ میں مزدور کے ساتھ سب اچھا ہو رہا ہے کیونکہ سارا نظام ایسا ہے لیکن وہاں  کا لیبر وزیر مزدور دشمن نہیں بلکہ اس کا دوست ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا ٹھیکہ پورا ہو چکا، بلاول

ان کا کہنا تھا کہ نئی صدی میں دنیا بھر میں نئی مزدور پالیسی کی بات کرنا ہو گی، کم از کم اجرت اتنی ہونی چاہیئے کہ مزدور اپنا گھر چل سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم حکومت میں آ کر ہمیشہ پنشن، تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہیں کیونکہ اسی سے معیشت بہتر ہوتی ہے، 2008 سے 2013 تک کا ڈیٹا نکال کر دیکھ لیں کہ اس دور میں کتنا روزگار پیدا ہوا، اس کے بعد روزگار بڑھا نہیں بلکہ مسلسل چھینا گیا۔


متعلقہ خبریں