نئے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی منظوری

نئے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی منظوری

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں نئے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخواہ اورپنجاب میں مختلف خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

بلوچستان میں بوستان خصوصی اقتصادی زون اور حب اقتصادی زون کے قیام کی منظوری دے گئی۔ خیبر پختونخواہ کے رشاکئی خصوصی اقتصادی زون، سندھ میں نوشہرو فیروز اور بھولاری خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی منظوری دے گئی۔

اجلاس میں پنجاب میں بھلوال، بہاولپور، رحیم یار خان، وہاڑی اور علامہ اقبال خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی زونز کے قیام کا مقصد کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنا اور ان کو مراعات دینا ہے۔

مزید پڑھیں: عثمان بزدار نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا

انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو سہولت اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے تمام معاملات صوبائی حکومتوں کی سطح پر حل کیے جائیں گے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے گلگت بلتستان میں سیاحت کے حوالے سے خصوصی زونزکے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔

اجلاس میں سینیٹر شبلی فراز، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

واضع رہے کہ 23 اکتوبر 2019 کو وزیراعظم نے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کہا تھا کہ خصوصی اقتصادی زونز کا قیام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پرگامزن ہوگیا ہے، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان  نے کہا تھا چین سے ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے ہمیں دیگر ممالک کے مقابلے پر کام کرنا ہے۔

عمران خان  نے اس وقت خصوصی اقتصادی زونز میں بیرونی سرمایہ کاروں کو متاثر کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ خصوصی اقتصادی زونز ملکی معیشت کا پہیہ چلانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ خصوصی اقتصادی زونز کا قیام وفاقی حکومت کی سربراہی میں ہو گا۔ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لیے صوبوں سے بھی مسلسل رابطہ رہے گا۔

عمران خان نے کہا تھا کہ حکومت نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے قابل قدر پیشرفت دکھائی ہے۔ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے بعد سرمایہ کاروں کو ان اقدامات سے آگاہ کرنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں