خیبر پختونخوا میں بارشوں سے 5 افراد جاں بحق 8 زخمی


اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے دوران 5 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔

پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گزشتہ روز ہونے والے بارش میں خیبر پختونخوا کے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بدھ کو ہونے والی بارش کے دوران صوبے بھر میں مجموعی طور پر تین مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ بارشوں میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر امدادی کارروائیوں کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تین دن پہلے تمام اضلاع کو مراسلے میں پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دی جائے۔

خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں برفباری اور بارشوں کا بدھ سے شروع ہونے والا نیا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا۔ جس کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والا دنیا کا بڑا ملک ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ موسلا دھار اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ بالائی سندھ میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں ملک کے مختلف علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری

گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا، کشمیر، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش اور کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا۔


متعلقہ خبریں